پوتن کے سامنے نریندر مودی کے جنگ مخالف موقف کی ایمانویل میخواں نے تعریف کی

0

اقوام متحدہ: (یو این آئی) فرانس کے صدر ایمانویل میخواں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے سامنے جنگ کے خلاف ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کی تعریف کی ہے۔یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا، ’’ہندوستان کے وزیر اعظم نے درست کہا ہے کہ یہ جنگ کا وقت نہیں ہے۔ نہ ہی یہ وقت مغرب کی مخالفت کرنے یا مشرق سے کسی بھی طرح سے انتقام لینے کا ہے۔آج ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کا مقابلہ تمام خودمختار اقوام کو مل کر کرنا ہے۔اپنی تیس منٹ کی تقریر میں مسٹر میخواں نے اس سارے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے والے ممالک کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ وہ زیادہ دیر تک چھپ کر نہیں بیٹھ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج اپنے ادھیڑ بن میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں وہ کہیں نہ کہیں ایک نئے سامراجیت اور عصری کجی کو پناہ دے کر دنیا کو برباد کر رہے ہیں۔
مسٹر مودی نے سمرقند میں ایس سی اوچوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے کے علاوہ روسی صدر کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے دوران اپنی بات کہی تھی۔ اس دوران انہوں نے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیاتھا۔ مسٹر مودی نے مسٹر پوتن کے ساتھ بات چیت میں کہاتھا، “میں جانتا ہوں کہ آج جنگ کا وقت نہیں ہے۔ جمہوریت، سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ہی ہم امن کی راہ پر آگے بڑھ سکتے ہیں، ہمیں اس مسئلے پر بات کرنے کا موقع ملے گا اور میں بھی آپ کے موقف کوسمجھنے کی کوشش کروں گا۔”یوکرین میں جاری جنگ میں جنگی قیدیوں کی جلد از جلدرہائی کی اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے مسٹرمودی نے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعہ کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دریں اثنا یوکرین میں جاری جنگ اور اس کے اثرات پر مختلف علاقائی گروپوں کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی بات چیت میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے میخواں کے ساتھ بات کی۔ اس کے لیے وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے فرانسیسی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس معاملے پر وزیر خارجہ نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ ‘اس بات چیت میں یوکرین میں جاری بحران پرجی-20 ممالک کی خاموشی پر بھی بات کی گئی’۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS