نیپال میں بادل پھٹا، اتراکھنڈ کے گاؤں میں پانی داخل، خاتون کی موت، 50 گھر زیر آب

0

نینی تال: (یو این آئی) اتراکھنڈ کے پتھورا گڑھ ضلع کے بلند ہمالیائی علاقے دھارچولا میں شدید بارش اور بادل پھٹنے کی وجہ سے ٹلہ کھوتیلا گاؤں میں کافی نقصان ہونے کی اطلاع ہے۔ 50 کے قریب گھر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ ایک خاتون کی موت ہو گئی ہے۔ نیپال میں بھی نقصانات کی اطلاع ملی ہے جو دریائے کالی کے دوسرے سرے پر واقع ہے۔
پتھورا گڑھ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق پتھورا گڑھ کے اونچائی والے علاقوں بالخصوص دھارچولا تحصیل میں شدید بارش اور نیپال کے لاسکو گدھیرے میں بادل پھٹنے سے ہندوستان اور نیپال کے درمیان بہنے والی کالی ندی کے پانی کی سطح اچانک بڑھ گئی۔ جس کی وجہ سے کالی ندی کے کنارے واقع دھارچولا، کھوتیلا گاؤں پانی اور ملبے کی زد میں آ گیا۔بتایا جا رہا ہے کہ گاؤں کے تقریباً 50 گھر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ گاؤں کا نچلا حصہ مکمل طور پر ڈوب گیا۔ یہاں ایک 65 سالہ بزرگ خاتون پشوپتی دیوی بیوی مان بہادر کی بھی موت ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ فورس (ایس ڈی آر ایف) کے علاوہ پولیس اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئے ہیں اور راحت اور بچاؤ کام کیا جا رہا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ لوکیشور سنگھ نے بتایا کہ کالی ندی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ جس سے اب بھی خطرہ ہے۔ انڈو نیپال جھولا پل کے نزدیک گوشالا کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے کچھ مویشیوں کے بہہ جانے کی بھی اطلاع ہے۔ دوسری جانب نیپال میں بھی مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔دھارچولا کے الدھارا علاقے میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملی بازار کے علاقے میں ملبہ اور پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ہے۔ کچھ گاڑیاں اس کی زد میں آگئی ہیں۔ انتظامیہ یہاں بھی بروقت راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہے۔
پتھورا گڑھ پولیس نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ کالی ندی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ کالی ندی کے کناروں پر نقل و حرکت نہ کرنے اور سرحدی پلوں اور جھولوں پر نقل و حرکت سے گریز کرنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS