وزیراعظم کے ہاتھوں ’کرتویہ پتھ‘کا افتتاح اور نیتاجی سبھاش چندربوس کے مجسمہ کی نقاب کشائی آج

0

نئی دہلی، (پی ٹی آئی) : نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) نے راج پتھ کا نام بدل کر ’کرتویہ پتھ‘کرنے کی قرار داد بدھ کو منظور کی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے خارجہ اور ثقافت میناکشی لیکھی کی صدارت میں این ڈی ایم سی کی ایک خصوصی میٹنگ یہاں منعقد کی گئی۔ لیکھی این ڈی ایم سی کی رکن بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں قرارداد پاس کی گئی۔ لیکھی نے کہا کہ ’ہم نے کونسل کی خصوصی میٹنگ میں راج پتھ کا نام بدل کر کرتویہ پتھ کرنے کی قرارداد پاس کر دی ہے‘۔
این ڈی ایم سی کے نائب چیئر مین ستیش اپادھیائے نے بتایا کہ وزارت برائے رہائش و شہری امور سے اس سلسلے میں تجویز ملی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب انڈیا گیٹ پر نیتاجی سبھاش چندر بوس کے مجسمہ سے لے کر راشٹر پتی بھون تک پورے علاقے کو ’کرتویہ پتھ‘ کہا جائے گا۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال بھی این ڈی ایم سی کے رکن ہیں، لیکن وہ میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے۔ بلدیاتی ادارہ نے بعد میں راج پتھ کا نام بدلنے کے لیے میٹنگ میں پاس کردہ قرارداد کو جاری کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ’نئی دہلی میں آج (بدھ کو) کونسل روم پالیکا کیندر میں منعقدہ ایک خصوصی میٹنگ میں این ڈی ایم سی کونسل نے راج پتھ اور سنٹرل وسٹا لان کا نام بدل کر کرتویہ پتھ کرنے کا عزم کیا۔‘ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ متعلقہ محکمے کونسل کے ذریعہ لیے گئے فیصلہ پر آگے کی ضروری کارروائی شروع کرسکتے ہیں، جیسے ’بورڈ‘ اور ’سائنیز‘ پر نام بدلنا۔
راج پتھ کو برطانوی حکومت کے دوران ’کنگس وے‘ کہا جاتا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس سال اپنے یوم آزادی کے خطاب میں نوآبادیاتی ذہنیت سے وابستہ علامتوں کو ختم کرنے پر زور دیا تھا۔ حکام نے کہا کہ اس کا ’کرتویہ پتھ‘ نام رکھنا ’برسراقتدار طبقہ کو اس بات کا پیغام ہے کہ حکمرانوں کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔‘ واضح رہے کہ 2015 میں ’ریس کورس روڈ‘ کا نام بدل کر لوک کلیان مارگ کر دیا گیا تھا۔ یہاں وزیراعظم کی رہائش گاہ واقع ہے۔ اسی سال اورنگ زیب روڈ کا نام بدل کر اے پی جے عبدالکلام روڈ کر دیا گیا۔ 2017 میں ڈلہوزی روڈ کا نام بدل کر دارا شکوہ روڈ کر دیا گیا۔ 2018 میں تین مورتی چوک کا نام بدل کر تین مورتی حائفہ چوک کر دیا گیا۔ اکبر روڈ کا نام بدلنے کےلئے کئی تجاویز آئی ہیں، لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم نریندر مودی جمعرات کو ’کرتویہ پتھ‘ کا افتتاح اور انڈیا گیٹ پر مجاہد آزادی نیتاجی سبھاش چندر بوس کے مجسمہ کی نقاب کشائی کریں گے۔ یہ جانکاری وزیراعظم دفتر (پی ایم او) نے بدھ کو ایک بیان میں دی۔ پی ایم او نے کہا کہ سابقہ ’راج پتھ‘ اقتدار کی علامت تھا اور اسے ’کرتویہ پتھ‘ کا نام دیا جانا تبدیلی کی علامت ہے اور یہ عوامی ملکیت اور اختیار دہی کی ایک مثال بھی ہے۔ پی ایم او نے کہا کہ ’کرتویہ پتھ‘ کا افتتاح اور سبھاش چندربوس کے مجسمہ کی نقاب کشائی وزیراعظم نریندرمودی کے امرت کال میں نئے بھارت کےلئے ’پنچ پرن‘ کی اپیل کے دوسرے پرن کے مطابق ہے، جس میں انہوں نے نوآبادیاتی ذہنیت کی ہر نشانی کو ختم کرنے کی بات کہی تھی۔ واضح رہے کہ 20 ماہ سے بند اس علاقے کو 9ستمبر سے لوگوں کے لیے کھولا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS