ٹی 20 ورلڈ کپ میں پانڈیا ہندوستان کے سب سے اہم کھلاڑی : بھونیشور

0

دبئی: (یو این آئی) ہندوستانی تیز گیند باز بھونیشور کمار نے ہاردک پانڈیا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے سب سے اہم کھلاڑی ہوں گے۔ایشیا کپ 2022 میں اتوار کو ٹیم انڈیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ بابر اعظم کی ٹیم نے ہندوستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 19.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ مین آف دی میچ پانڈیا نے باؤلنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ بلے سے 17 گیندوں میں 33 رنز کی اہم شراکت کی۔میچ کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے بھونیشور نے کہا، “ہماری اننگز کے 10 اوور گزر جانے کے بعد میچ پھنس گیا تھا۔ اس صورت حال میں یہ کسی


بھی طرف جا سکتا تھا۔ اس وقت ہاردک اور جڈیجہ نے بہت اچھی بلے بازی کی۔”انہوں نے کہا کہ سچ پوچھیں تو ہاردک کے رنز بنانے تک میچ 50-50 پر تھا۔ ہم ہاردک سے رنز بنانے کی توقع کر رہے تھے۔ مجھے امید ہے کہ ہاردک اپنی کارکردگی کو جاری رکھیں گے اور (ٹی 20) ورلڈ کپ میں اسی فارم کو جاری رکھیں گے جو ہمارے لئے اہم ثابت ہوگا۔”
بھونیشور نے شاندارتیز گیند بازی کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جن میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی وکٹ بھی شامل تھی۔بابر کی وکٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر بھونیشور کا کہنا تھا کہ ‘بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد ہم نے یہ نہیں سوچا تھا کہ پاکستان کی آدھی ٹیم آؤٹ ہو چکی ہے، وہ ایک اچھےکھلاڑی ہیں لیکن پاکستان کے 9 اور بلے باز باقی تھے۔’
ایشیا کپ میں ہندوستان کا اگلا میچ 31 اگست کو ہانگ کانگ کے خلاف ہے۔ اگر ہندوستان اور پاکستان گروپ اے میں پہلی دو جگہیں حاصل کرتے ہیں تو وہ اتوار کو ٹاپ 4 میں بھی ایک دوسرے کے سامنے ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS