مدھیہ پردیش : سیلاب کے بعد چنبل کے علاقے میں تباہی چاروں طرف آرہی ہے نظر

0

مورینا (یو این آئی) : مدھیہ پردیش کے مورینا ضلع میں چنبل ندی کی بھیانک شکل اب پرسکون ہے لیکن حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی اب متاثرہ علاقوں کے چاروں طرف نظر آرہی ہے ۔ راجستھان کی سرحد سے متصل چنبل کے علاقے میں دریائے چنبل اپنی بھیانک شکل دکھانے کے بعد پرسکون ہو گیا ہے اور پانی کی سطح بھی بتدریج کم ہو رہی ہے ۔ لیکن اس نے تباہی کے نشانات پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ضلع کے سبل گڑھ سیکشن سے ضلع کے انتہائی سرے پر پورسا کے دیہی علاقوں تک پانی دکھائی دے رہا ہے ۔ چنبل کے سیلابی پانی نے ہزاروں ایکڑ اراضی میں بوئی گئی خریف کی فصل کو برباد کر دیا ہے ، جس سے گاؤں کے لوگ کھانے اور چارے کے لیے بھی بے بس ہوگئے ہیں۔ سیلاب سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کی تیاریوں کے درمیان ضلع کے تقریباً 50 گاؤں اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور بہت سے لوگ اپنی چھتوں پر کھلے سائے میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ پچھلے پانچ دنوں سے سیلاب متاثرین اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیلاب کی ہولناکیوں اور اس سے منسلک مضر اثرات کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی جانب سے راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لیے بھیجے گئے دو فوجی ہیلی کاپٹر نے سیلاب میں پھنسے تقریباً دس ہزار افراد کو امدادی کیمپوں میں منتقل یا گیا ہے اور ایک ہیلی کاپٹر انہیں خوراک اور صاف پانی فراہم کرنے میں مصروف ہے ۔
جمعہ کو سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچنے والی صحافیوں کی ایک ٹیم نے دیکھا کہ جب فوج کا ہیلی کاپٹر خوراک کے پیکٹ لے کر سیلاب سے متاثرہ علاقے میں پہنچا تو ہزاروں ہاتھ اس کی آواز سن کر کھانے کے پیکٹ جمع کرنے کے لیے اٹھتے دیکھے گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ سیلابی پانی سے ایک سو سے زائد دیہات کے لوگوں کے کھانے پینے اور گھریلو استعمال کی تمام اشیائے ضروریہ بہہ گئی ہیں یا خراب ہو گئی ہیں۔ اب انہیں صرف اور صرف ضلعی انتظامیہ کا تعاون ہی نظر آتا ہے ۔ سیلاب متاثرین نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں ہر سال چنبل کے سیلاب کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن سیلاب سے مستقل طور پر نجات حاصل کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ریلیف ملنے کے بعد اب انہیں کئی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ متاثرین کے اہل خانہ نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعلیٰ چوہان کی یقین دہانی کے بعد انتظامیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر مناسب معاوضہ دے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیلاب کے سانحے سے نکلنے تک ان کے کھانے پینے اور رہنے کا مناسب انتظام کیا جائے ۔ چمبل خطے کے مورینا اور بھنڈ اضلاع میں چمبل اور اس کی معاون ندیوں میں سیلاب کی وجہ سے تباہی ہوئی ہے ۔ کوٹہ بیراج اور کچھ دیگر ڈیموں سے اضافی پانی چھوڑنے کی وجہ سے دریائے چمبل میں سیلابی پانی کی سطح بھی بڑھ گئی ہے اور یہ خطرے کے نشان کو بھی عبور کر گیا ہے ۔ تاہم اب پانی کی سطح آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS