نئی دہلی (ایس این بی) : مشرقی دہلی ضلع کی اے اے ٹی ایس ٹیم نے ایک ایسے نوجوان کو گرفتار کیا ہے جو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ہتھیاروں کا ویڈیو بنا کر پوسٹ کرتا تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت امیش کمار (19) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول ،کارتوس اور موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ پولیس گرفتار ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ملزم پستول کہاں سے لایا تھا۔ نیو اشوک نگر پولیس اسٹیشن نے اس کے خلاف غیر قانونی ہتھیار رکھنے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق ضلع مشرقی کی ٹیمیں سوشل میڈیا پر ہونے والی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس معاملہ میں ٹیم کو معلوم ہوا کہ یوٹیوب کے علاوہ مشرقی دہلی کا ایک نوجوان انسٹاگرام اور فیس بک پر ہتھیاروں کے ساتھ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہا ہے۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ ملزم امیش کمار نامی نوجوان اپنے دوست سے ملنے کے لیے کونڈلی پل کے قریب آنے والا ہے۔ اس اطلاع کے فوراً بعد ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم ڈی ڈی اے فلیٹ کے قریب تعینات تھی، اسی دوران امیش بائک پر سوار ہو کر وہاں پہنچ گیا۔ پولیس نے اسے روک کر تلاشی لی۔ ملزم سے ایک پستول اور کارتوس برآمد کیے گئے۔ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ مشہور ہونے اور فالوورز بڑھانے کے لیے ویڈیو پوسٹ کر رہا ہے۔ ملزم سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہے۔ پولیس اس سے پوچھ گچھ کے بعد معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS