جاوید علی نے ایس پی امیدوار کے طور پر راجیہ سبھا کا پرچہ نامزدگی داخل کیا

0

لکھنؤ:(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے راجیہ سبھا کی 11سیٹوں کے لئے جاری نوٹیفکیشن کے بعد جاوید علی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ جاوید علی نے بدھ کو یہاں سنٹرل ہال پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔جاوید علی اس سے پہلے راجیہ سبھا میں ایس پی کی بلند آواز مانے جاتے رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں وہ سال 2014 سے سال 2020 تک ایس پی کے رکن رہے ہیں۔ ان کے نامزدگی کے وقت ایس پی کے سینئر لیڈر و راجیہ سبھا رکن رام گوپال یادو موجود تھے۔ان سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے بھی آج ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کی موجودگی میں پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ سابق راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ نے ایس پی حمایت یافتہ امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ اس موقع پرسبل نے کہا’ میں 16مئی کو کانگریس سے استعفی دے چکا ہوں۔ آج آزاد امیدوار کی حیثیت سے میں راجیہ سبھا کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی اس میں میرا تعاون کررہی ہے۔ اکھلیش یادو کا شکریہ ساتھ ہی انہوں نے اپوزیشن کو متحد کرتے ہوئے سال 2024 تک مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لانے کے عزم کااظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس وقت راجیہ سبھا میں ایس پی کے پانچ اراکین ہیں۔ ان میں رام گوپال کے علاوہ جیہ بچن، وشمبھر پرساد نشاد، چودھری سکھرام سنگھ اور ریوتی رمن سنگھ شامل ہیں۔راجیہ سبھا کی اترپردیش سے 11سیٹوں پر الیکشن کے لئے کل ہی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ آئند یکم جون کو دستاویزات کی جانچ ہوگی اور تین جون تک پرچے واپس لئے جاسکیں گے۔ اس کے بعد 10جون کو صبح 9بجے سے شام 4بجے تک ووٹنگ ہوگی اور شام 5بجے سے ووٹ شماری کا آغاز ہوگا۔
یوپی سے راجیہ سبھا کے لئے 31اراکین منتخب کئے جاتے ہیں۔ ان میں سے 11اراکین کامیعاد کار آئندہ 04جولائی کو ختم ہورہا ہے۔ اترپردیش میں اسمبلی کی موجودہ تعداد کے مطابق بی جے پی اتحاد کے 273، ایس پی اتحاد کے 125، جن ستا دل(لوک تانترک) اور کانگریس کے دو۔ دو جبکہ بی ایس پی کا ایک ایم ایل اے ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS