تجاوزات کیخلاف مہم جاری: کئی مقامات پر چلے بلڈوزر

0

نئی دہلی (ایس این بی) : میونسپل کارپوریشن نے آج نجف گڑھ، دوارکا، لودھی کالونی اور جنوبی دہلی کے کئی دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مہم شروع کی۔ مہم کے دوران بعض مقامات پر ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو مقامی لوگوں کی مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ مشرقی دہلی کے میئر شیام سندر اگروال کے مطابق سیلم پور میں پولیس فورس کی کمی کی وجہ سے مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کارروائی آج شروع نہیں ہو سکی، جبکہ کڑکڑ ڈوما گاؤں سے رشبھ وہار تک بڑے پیمانے پر تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ کارپوریشن نے شرد وہار اور آریہ نگر سے تجاوزات کو بھی ہٹا دیا۔ ایک دن پہلے جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے نیو فرینڈز کالونی میں غیر قانونی عارضی عمارتوں کو ہٹانے اور کچھ دیواروں کو گرانے کی مہم شروع کی تھی۔شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے منگول پوری علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔ آج کارپوریشن کے اہلکاروں نے نجف گڑھ اور جنوبی دہلی کے مغربی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مہم چلائی۔ اس میں دوارکا، چوکھنڈی اور آس پاس کے علاقوں سمیت مختلف مقامات پر عارضی تعمیرات کو ہٹا دیا گیا۔ جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کی مغربی زون کی صدر شویتا سینی نے کہا کہ تلک نگر کے قریب جنک پوری اور چوکھنڈی میں بھی تجاوزات مہم چلائی جارہی ہے۔ جنک پوری میں کچھ مقامی لوگوں نے اس مہم کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج کے باوجود تجاوزات کے خلاف مہم چلائی گئی۔ دوسری طرف بائیں بازو کی مختلف تنظیموں نے میونسپل کارپوریشنز کی جانب سے چلائی جارہی تجاوزات مہم کے خلاف لیفٹیننٹ گورنر کی رہائش گاہ تک مارچ نکالا۔ یہ مارچ کشمیری گیٹ سے شروع ہوا اور راج نواس کی طرف بڑھ رہا تھا، لیکن پولیس نے اسے روک دیا۔کارپوریشن کے مطابق نجف گڑھ علاقے کے آکاش اسپتال سے مدھو وہار بس ٹرمنل اور وارڈ نمبر 51 کے آس پاس کے علاقوں میں کارروائی کی گئی۔ ویسٹرن زون میں وارڈ نمبر 6 چوکھنڈی اور ملحقہ علاقوں میں کارروائی کی گئی۔ وسطی علاقے میں بھی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ ان میں مہر چند مارکیٹ، لودھی کالونی، سائی بابا مندر کے قریب کے مقامات اور جے ایل این میٹرو اسٹیشن کے ارد گرد کے حصے اور وارڈ نمبر 58 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ارجن گڑھ میٹرو اسٹیشن، آیا نگر گاؤں روڈ، گیٹورنی گاؤں اور وارڈ نمبر 73 کے آس پاس کے علاقوں میں کارروائی شروع کی گئی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS