بنگلورو میں7اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی، طلبا کو باہر نکال کرسرچ آپریشن چلایا گیا

0

بنگلورو (ایجنسیاں) : بنگلورومیں ای میل کے ذریعہ 7اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔جمعہ کی صبح تقریباً 11بجے دھمکی آمیز میل ملنے کے بعد اسکولوں سے طلبا کو نکالنا شروع کردیاگیا۔ بنگلورو سٹی کے پولیس کمشنر کنول پنت نے بتایاکہ پولیس ٹیمیں ان اسکولوں میں چھان بین کررہی ہیں۔ بنگلورو ایسٹ کے ایڈیشنل پولیس کمشنر ڈاکٹر سبرامنیشورراؤ نے کہاکہ اس طرح کے ای میل زیادہ تر افواہیں ہوتی ہیں، لیکن ہم اسے سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور کوئی بھی موقع نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ ابھی تک 2اسکولوں میں چھان بین پوری ہوچکی ہے، وہاں کوئی بم نہیں ملا ہے۔ ان میں سے کچھ اسکولوں میں امتحان چل رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جن اسکولوں کو دھمکی ملی ہے ،ان میں ایبے نیزر اور ونسنٹ پلوٹی انٹرنیشنل اسکول شامل ہیں۔اسکولوں کو بھیجے گئے ایک جیسے ای میل میں لکھا گیا ہے کہ’آپ کے اسکول میں ایک طاقت ور بم لگایا گیا ہے ۔یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔آپ کے اسکول میں ایک بہت طاقت ور بم لگایا گیا ہے ۔ فوراً پولیس اور بم کو ناکارہ بنانے والے دستے کو بلاؤ۔ورنہ آپ کے ساتھ سیکڑوں لوگوں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔سب کچھ آپ کے ہاتھ میں ہے ‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS