ہندی قومی زبان نہیں اور نہ ایسا ہونے دیں گے :سدارمیا

0

نئی دہلی، (ایجنسیاں) : کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر سدارمیا نے کہا ہے کہ ہندی ہندوستان کی قومی زبان نہیں ہے اورنہ ہی ایسا ہونے دیں گے۔ سدارمیا نے یہ بات بی جے پی پر غیر ہندی بولنے والی ریاستوں کے خلاف ثقافتی دہشت گردی پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہی۔ سدارمیا دراصل وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کر رہے تھے جس میں انہوں نے سرکاری زبان کی بات کہی تھی۔ وزیر داخلہ نے جمعرات کو کہا تھا کہ کسی دوسری زبان کے بجائے ہندی کو انگریزی کے متبادل کے طور پر قبول کیا جانا چاہیے۔امت شاہ نے یہ بات پارلیمنٹ کی سرکاری زبان کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کا کام سرکاری زبان میں کیا جائے، جس کی وجہ سے ہندی کی اہمیت ضرور بڑھے گی۔ امت شاہ نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت کا 70 فیصد ایجنڈا ہندی میں بنتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ سرکاری زبان ہندی کو ملک کے اتحاد کا ضروری حصہ بنادیا جائے۔ادھر کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا کہ امت شاہ اور مرکز زبردستی اپنا ذاتی ایجنڈا لوگوں پر مسلط کر رہے ہیں،لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔ لوگ انہیں سبق سکھائیں گے۔واضح رہے کہ کرناٹک اور تمل ناڈو سمیت جنوبی ریاستوں میں ہندی کے مبینہ نفاذ کے خلاف اکثر مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS