کشمیر : تین ماہ کے دوران تصادم آرائیوں میں 41 جنگجو مارے گئے

0

سری نگر: (یو این آئی) وادی کشمیرمیں رواں سال کے تین ماہ کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں 41 جنگجو مارے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی سرگرم ملی ٹینٹوں اوران کے مدد گاروں کے خلاف آپریشنز جاری رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سال 2022 کے ابتدائی تین ماہ کے دوران وادی کشمیر میں 41 جنگجو وں کو مار گرایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ کے مہینے میں وادی کشمیر میں 8 تصادم ہوئے جس دوران 13ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا جو لشکر طیبہ /ٹی آر ایف اور جیش سے وابستہ تھے۔ انہوں نے کہاکہ جنوری مہینے میں 21، فروری میں سات اور مارچ میں 13ملی ٹینٹ تصادم آرائیوں کے دوران از جان ہوئے۔
اعدادو شمار کے مطابق 10مارچ کو نائنہ بٹہ پورہ پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی بعد میں شناخت شاہد احمد خان ولد محی الدین خان ساکن بٹہ پورہ پلوامہ اور فیاض شیخ ولد غلام رسول شیخ ساکن شاہ پورہ گاندربل کے بطور ہوئی ۔ اسی روز یعنی 10مارچ کو ہی سری نگر کے حضر ت بل علاقے میں ایک مختصر شوٹ آوٹ میں غیر ملکی جنگجو منظور عرف حیدر عرف حمزہ مارا گیا ۔ اُن کے مطابق 12مارچ کے دن سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد چیوا کلان پلوامہ گاوں کو محاصرے میں لے لیا۔ انہوں نے کہاکہ جونہی حفاظتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے قریب پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جوابی کارروائی میں جیش سے وابستہ دو جنگجو کمال بھائی عرف جاٹ اور عاقب مشتاق عرف عثمان حیدر ولد مشتاق احمد بٹ ساکن کریم آبا پلوامہ ہلاک ہوئے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق اسی روز نچہامہ راجور کپواڑہ میں مختصر تصادم میں لشکر جنگجو سہیل احمد گنائی ولد گلزار احمد ساکن تاری گام کولگام مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ12مارچ کے دن ہی گاندربل کے نونر علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ انکاونٹر میں لشکر کمانڈر عادل احمد خان ولد عبدل احد خان ساکن بدرا گنڈ گاندربل ہلاک ہوا۔
دفاعی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 15مارچ کو چرسو اونتی پورہ پلوامہ میں لشکر جنگجو اویس راجا ولد محمد رمضان ڈار ساکن سبحان پورہ بجبہاڑہ مارا گیا۔
انہوں نے کہاکہ 16مارچ کے روز سری نگر کے مضافاتی علاقے نوگام میں لشکر طیبہ کے تین جنگجو عادل نبی تیلی ساکن چند ہارا پانپور، شاکر احمد تانترے ساکن رانی پورہ شوپیاں اور یاسر احمد وگے ساکن کوجر فرسل کولگام مارے گئے۔اُنہوں نے بتایا کہ 30 مارچ کو پائین شہر کے رعناواری علاقے میں شبانہ تصادم آرائی میں لشکر طیبہ کے دو جنگجو رائیس احمد بٹ اور ہلال احمد راہ ساکنان بجبہاڑہ ہلاک ہوئے۔بتادیں کہ فروری ماہ میں وادی کشمیر میں پانچ انکاونٹروں کے دوران سات جنگجو مارے گئے جبکہ جنوری میں 12تصادم آرائیوں میں 21 ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا۔دریں اثنا دفاعی ذرائع نے بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی وادی کشمیر میں سرگرم جنگجووں اوران کے معاونین کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS