آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی جانب سے مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد

0

نئی دہلی (ایس این بی) : آل انڈیا یونانی طِبّی کانگریس کی جانب سے ’یونانی آیوروید ایک ساتھ ، وشواس کے سو سال‘ کے عنوان سے خانپور سینک فارم، چراغ دہلی میں سمپوزیم اور مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت محسن طِب حکیم ڈاکٹر سیّد احمد خاں قومی سکریٹری جنرل تنظیم ہذا نے کی۔ انہوں نے کہا کہ طِب یونانی ہمارا عظیم سرمایہ ہے۔ یہ طریقہ علاج ملک بھر میں مقبول ہورہا ہے۔ یونانی ادویہ کے استعمال سے مریضوں کو مرض سے شفایابی کے بعد از سر نو نئی توانائی ملتی ہے اور جسم میں قوّت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔ سائیڈ ایفیکٹ (منفی اثرات) سے پاک خالص قدرتی اجزاء سے تیّار شدہ یونانی ادویہ افادیت کے نقطہ نظر سے موثّر اور زود اثر ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر حبیب اللّٰہ سی ایم او (سنٹرل جیل تہاڑ،دہلی) نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں غریبوں اور کمزور طبقوں کو اس طرح کے طبّی کیمپ کے ذریعہ مفت چیک اپ اور دواؤں کی فراہمی ایک عظیم خدمت ہے جس کا اہتمام تنظیم آل اندیا یونانی طبّی کانگریس کی جانب سے وقتاً فوقتاً ہوتا رہتا ہے۔ حکیم اعجاز احمد اعجازی قومی وائس پریسیڈنٹ (فارمیسی ونگ) اور حکیم عطاء الرحمٰن اجملی (صوبائی خزانچی) تنظیم ہذا نے کہا کہ ہماری تنظیم خدمت خلق کے جذبہ کے تحت اپنی مہم “یونانی اپچار جنتا کے دوار” اور “گھر گھر یونانی گھر گھر نورانی” کے تحت دہلی اور بیرون دہلی میں مفت یونانی طِبّی کیمپ کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ کثیر تعداد میں عوام ان کیمپوں سے مستفید ہوتی ہے۔ اس پروگرام کی کنوینر تھیں علاقہ کی معروف سماجی کارکن ایڈووکیٹ شاہ جبیں قاضی (بالمعروف شبی میڈم) جو عام آدمی پارٹی کی جانب سے کاؤنسلر کی متوقع امیدوار بھی ہیں۔ محترمہ شبی نے فرمایا کہ سماجی خدمت کے تحت مختلف طِبّی تنظیموں کے تعاون سے میں اس طرح کے فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کراتی رہتی ہوں۔ اس موقع پر اپنی خدمات دینے والوں میں ڈاکٹر ارشد غیاث، ڈاکٹر الطاف احمد دہلوی، ڈاکٹر اطہر الٰہی، وقار احمد اعجازی، محمّد فیضان، عبدالرزّاق، محمّد سعد، حافظ محمّد عثمان، محمّد صادق، محمّد کیف اور محمد شاذان شامل تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS