نفرت سے نہیں، محبت سے چلتا ہے ملک

0

شاہین باغ ، جامعہ نگر اوکھلا میں کل ہند مشاعرہ میں طارق انور اور دیگر مہمانان کرام کا اظہارِ خیال
انوارالحق
نئی دہلی ( ایس این بی) : آل انڈیاقومی تنظیم دہلی اسٹیٹ کے صدر اور سماجی کارکن ہدایت اللہ جینٹل اور دانیہ آفرین کی جانب سے شاہین باغ ، جامعہ نگر اوکھلا میں کل ہند مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پروفیسر شہپر رسول سابق صدر شعبۂ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کی اور نظامت معروف ناظم ِ مشاعرہ اسماعیل نظرنے فرمائی۔کل ہند مشاعرمیںمسٹر چودھری انل کمار صدر دہلی اسٹیٹ کانگریس کمیٹی بطور ِمہمانِ خصوصی شریک تھے اورمسٹر شکتی سنگھ گوئل راجیہ سبھا ایم پی بحیثیت مہمان ذی وقار مدعو تھے۔ سابق مرکزی وزیرحکومتِ ہند سلمان خورشید اور طارق انور سابق مرکزی وزیرحکومت ہندنے بطور مہمان اعزازی محفل مشاعرہ میںشرکت کی۔اس موقع پرمعزز مہمانان کرام اور ہدایت اللہ جینٹل کے ہاتھوں معروف شاعر اختر اعظمی کی کتاب ’’دیدہ ور‘‘ کا رسم اجراء بھی عمل میں آیا۔اس مشاعرے میں بطور شاعر پروفیسر شہپر رسول، ڈاکٹراعجاز پاپولر میرٹھی، ڈاکٹر اعجاز انصاری ، طاہر فراز، انا دہلوی، اختر اعظمی، ہاشم فیروز آبادی، نکہت امروہوی، سرکتا جین، جیوتی ترپاٹھی اورمہناز سہراوی کا نام قابلِ ذکر ہے۔درمیان مشاعرہ میں مہمانِ خصوصی چودھری انل کمار نے ہدایت اللہ جینٹل کے ذریعہ منعقد مشاعرے کی سرہنا کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وباکے بعد پہلی بار یہ موقع نصیب ہوا کہ ہم سب لوگ ایک جگہ جمع ہوئے ہیں۔انھوں نے کہاکہ کورونا کال میں ہدایت اللہ جینٹل اور شاہین باغ کے دیگر ساتھیوں نے ہماری بے حد مدد کی۔راجیہ سبھا ایم پی شکتی سنگھ گوئل نے کہاکہ ہندوستان گنگا جمنی تہذیب کا علمبردار ہے۔ اس دیش میں گجرات میں جو سانحہ ہوا، اس کی یاد ہمارے ذہنوں میں اب بھی باقی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو پتہ نہیں کس کی نظر بد لگ گئی جو کہ ہر طرف نفرت کی دیواریں گھڑی ہیں۔ سابق مرکزی وزیر حکومتِ ہند سلمان خورشیدنے کہاکہ یہ بہت خوش گوار موقع ہے کہ ہم لوگ آپ کے درمیان ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آپ لوگ مایوس نہ ہوں، صبح ہونے والی ہے۔ اللہ پر بھروسہ رکھیں،ان شاء اللہ حالات بدلیں گے۔سابق مرکزی وزیر حکومتِ ہنداور قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انور نے کہاکہ اردو زبان گنگا جمنی تہذیب کی نشانی ہے۔انھوں نے کہاکہ ملک نفرت سے نہیں بلکہ محبت سے چلتا ہے۔ اس ملک کے تمام باشندے گلدستے کی مانند ہیں ۔ گلدستے کا ایک پھول مرجھا جائے یا نکال دیا جائے تو گلدستے کی خوبصورتی ختم ہوجاتی ہے۔آج کا یہ مشاعرہ بے حد کامیاب رہا ، سبھی شعراء نے اپنے اپنے کلام پیش کئے،اچھے اشعار پرسامعین نے تالی بجا کر داد وتحسین دی۔ آ خر میں مشاعرے کے کنوینر ہدایت اللہ جینٹل نے تمام شعراء اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS