پی ایل اے نے لاپتہ ہندوستانی نوجوان کے اپنے پاس ہونے کی تصدیق کی

0

نئی دہلی : (یو این آئی) چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اروناچل پردیش سے لاپتہ نوجوان کو ڈھونڈ لیا ہے اور مناسب کارروائی کی جا رہی ہے۔ آسام کے تیج پور میں واقع وزارت دفاع کے تعلقات عامہ کے افسر (پی آر او) لیفٹیننٹ کرنل ہرش وردھن پانڈے نے اتوار کو یواین آئی کو یہ اطلاع دی۔ لیفٹیننٹ کرنل پانڈے نے بتایاکہ ’’نوجوان چینی سرحد میں داخل ہوئے کیونکہ علاقے میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کی کوئی سرکاری دیوار یا حد بندی نہیں ہے، صرف جنگل ہے۔ اس وجہ سے پی ایل اے نے اسے حراست میں لے لیا اور کاغذی کارروائی طے شدہ پروٹوکول کے مطابق کی جا رہی ہے۔ لاپتہ نوجوان میرام ٹارون کی واپسی سے قبل ہونے والی رسمی کارروائیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب چین کی طرف سے کوئی ہندوستانی طرف آتا ہے تو ہندوستانی فوج بھی یہی طریقہ اختیار کرتی ہے۔
اس سے قبل چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے بیجنگ میں ایک پریس بریفنگ میں بتایاکہ ’’میں صورتحال سے آگاہ نہیں ہوں۔ چینی پی ایل اے قانون کے مطابق سرحدوں کو کنٹرول کرتا ہے اور غیر قانونی داخلے اور خارجی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتا ہے۔” دریں اثنا، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ تاپیر گاؤ نے دعویٰ کیا تھا کہ نوجوان کو چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) نے اروناچل پردیش کے اپر سیانگ ضلع میں ہندوستانی علاقے لنگٹا جور سے اغوا کیا تھا اور اس کے ٹھکانے کا علم نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS