این ڈی اے امتحان کیلئے خاتون امیدوارمحدود کرنے کا معاملہ

0

سپریم کورٹ نے مرکزی سرکار سے جواب طلب کیا
نئی دہلی، (پی ٹی آئی) : سپریم کورٹ نے منگل کو مرکز سے کہا کہ وہ واضح کرے کہ آخر اس کے حکم کے باوجود 2022 کیلئے گزشتہ سال کے برابر ہی نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) میں خاتون امیدواروں کی سیٹ 19 ہی کیوں محدود کی گئی۔ عدالت عظمیٰ نے مرکز سے کہا کہ وہ نیشنل انڈین ملٹری کالج (آر آئی ایم سی) اور نیشنل ملٹری اسکول (آر ایم ایس) میں داخلہ کے لیے منعقدہ این ڈی اے امتحان 2021 میں خواتین سمیت مجموعی امیدواروں کی تعداد سے وابستہ اعداد و شمار عدالت میں پیش کیے جائیں۔ جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم ایم سندریش کی بنچ نے مرکز کی جانب سے پیش اڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریہ بھاٹی سے کہا کہ سرکار کو بتانا ہوگا کہ یوپی ایس سی کے نوٹیفکیشن کے مطابق آخر کیوں سال 2022 کیلئے خواتین کی تعداد 19 طے کی گئی۔ بنچ نے کہا کہ ’یہ سال 2021 کے اعداد و شمار کے برابر ہے۔ گزشتہ سال آپ نے کہا تھا کہ انفراسٹرکچر کی کمی کی وجہ سے خواتین کا کم داخلہ لیا جا رہا ہے۔ اب آپ نے پھر سال 2022 کے لیے خاتون امیدواروں کیلئے اتنی ہی تعداد کی تجویز پیش کی ہے۔ آپ نے یہ اعدادو شمار کیوں پیش کیے؟ آپ کو یہ واضح کرناہوگا۔ 19 سیٹ ہمیشہ کیلئے نہیں ہونی چاہیے۔ یہ صرف ایک ایڈہاک تدبیر ہے۔‘ عدالت عظمیٰ نے مرکزی سرکار کو معاملے میں حلف نامہ داخل کرنے کیلئے 3 ہفتے کا وقت دیا اور باقی فریقوں کو اس کے بعد 2 ہفتے میں اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ بنچ نے اس کے ساتھ ہی معاملے کی سماعت 6 مارچ کیلئے فہرست میں شامل کر دی۔
اس سے قبل عرضی گزار کش کالرا کی جانب سے پیش سینئر وکیل چنمائے پردیپ شرما نے بتایا کہ انہوں نے اضافی حلف نامہ داخل کیا ہے جس میں ذکر ہے کہ 14 نومبر 2021 کو ہونے والے این ڈی اے کے امتحان میں 9,009 امیدوار اسٹاف سلیکشن بورڈ امتحان اور میڈیکل جانچ کیلئے پاس ہوئے جن میں سے 1,002 امیدوار خواتین ہیں، جبکہ 7,007 امیدوار مرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے اشتہار اور سرکار کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق سال 2021 کے این ڈی اے امتحان میں این ڈی اے 400 کیڈٹ کو لے گا۔ شرما نے کہا کہ ’ان میں سے 10 خواتین سمیت 208 امیدوار فوج میں لیے جائیں گے۔ بحریہ 3 خواتین کے ساتھ 42 امیدواروں کو لے گی۔ انڈین ایئر فورس بھی 6 خواتین کے ساتھ 120 امیدواروں کو داخلہ دے گی۔ اس طرح جون 2022 میں این ڈی اے میں داخلہ لینے والی خواتین کی تعداد 19ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ 22 دسمبر 2021 کو یوپی ایس سی کے ذریعہ این ڈی اے 2022 امتحان کے لیے جاری نوٹس میں جس کا امتحان 10 اپریل 2022 کو ہونا ہے، کل 400 داخلے لینے ہیں، اس میں فوج کے لیے 208 (10 خواتین سمیت)، بحریہ کے لیے 42 (3 خواتین سمیت) اور ایئرفورس کیلئے فلائنگ میں 2 خواتین امیدوار سمیت 92، گرائونڈ ڈیوٹی (تکنیکی) میں 2 خاتون امیدوار سمیت 18، گرائونڈ ڈیوٹی (غیر تکنیکی) 2 خواتین امیدوار سمیت 10 سیٹوں پر داخلہ کی جانکاری دی گئی ہے اور داخلہ جنوری 2023 میں دیا جائے گا۔ شرما نے کہا کہ 22 دسمبر 2021 کو جاری نوٹس کو پڑھ کر لگتا ہے کہ جنوری 2023 میں بھی خواتین کی سیٹ 19 سے زائد نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ’پہلی بار ذکر کیا گیا ہے کہ بحریہ اکیڈمی میں صرف 30مرد امیدواروں کو ہی داخلہ دیا جائے گا۔ یہ پابندی منمانی ہے۔‘ واضح رہے کہ گزشتہ سال 22 ستمبر کو عدالت عظمیٰ نے خواتین کو بھی نومبر میں ہونے والے این ڈی اے کے امتحان میں شامل ہونے کی اجازت دی تھی اور کہا تھا کہ ان کا داخلہ مرکز کی مانگ پر ایک سال تک ملتوی نہیںکیا جا سکتا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS