رات 11بجے سے صبح 5بجے تک رہے گا کرفیو
اظہار الحسن
نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی میں اتوار کو کووڈ19کے 290معاملے سامنے آئے ہیں اور انفیکشن سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے ،جبکہ انفیکشن شرح بڑھ کر 0.55فیصد ہوگئی ہے ۔دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملوں اور اومیکرون نئے ویرینٹ جیسی ملتی جلتی علامت کے مسلسل آرہے معاملوں کے مد نظر دہلی سرکار حرکت میں آئی ہے۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اروند کجریوال سرکار نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے دہلی میں نائٹ کرفیو لگانے کا فیصلہ لے لیا ہے، جس کے تحت رات 11بجے سے صبح5 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔دہلی کے گلیاروں میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کیا اروند کجریوال سرکار راجدھانی میں لاک ڈائون لگانے کی سمت میں جلد ہی کوئی فیصلہ لے گی۔؟ غورطلب ہے کہ 4سطحی گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے تحت انفیکشن شرح جب 0.5فیصد ہوتی ہے تو اگلے2 دن کیلئے یلو الرٹ شروع ہوجاتا ہے اور اس کے تحت کئی طرح کی پابندیاں عائد کردی جاتی ہیں۔افسران کے مطابق اگر پیر کو بھی انفیکشن شرح 0.5فیصد سے اوپر رہتی ہے تو یلوالرٹ نافذ ہوجائے گا۔ اس سے میٹرو 50فیصد کی صلاحیت کے ساتھ چلے گی۔ وہیں تعلیمی اداروں کے ساتھ سینما گھر، ملٹی پلیکس،تھیٹر، کانفرنس ہال، بینکویٹ ہال، افسپا، یوگا ادارے اورجم بند ہوجائیں گے۔دکانیں اور شاپنگ مال دن میں آڈ-ایون فارمولے کی بنیاد پر کھلیں گے۔
ذرائع کے مطابق اگر یہ الرٹ جاری کیا جاتا ہے تو اپریل لاک ڈاؤن سے مرحلہ وار طریقے سے پھر سے ابھرنے کے کچھ ہی مہینوں بعد راجدھانی میں زیادہ تر سرگرمیاں دوبارہ تھم جائیں گی۔ دہلی آفات مینجمنٹ اتھارٹی نے کووڈ کی تیسری لہر کو دیکھتے ہوئے جولائی میں جی آر اے پی کو منظوری دی تھی۔ اس کا مقصد کووڈ کی صورتحال کی بنیاد پر پابندی لگانے اور ہٹانے کا ایک واضح نظام تیار کرنا ہے۔ یلوالرٹ کے دوران 10بجے رات سے صبح 5 بجے تک کرفیو لگانے کا التزام ہے، جبکہ ریڈ الرٹ کے دوران پورا کرفیو لگایا جاتا ہے۔
دریں اثنا دہلی حکومت کے محکمہ صحت کے ذریعہ اتوار کو اشتراک کئے گئے اعدادو شمار سے یہ جانکاری ملی ہے کہ دارالحکومت دہلی میں کووڈ19- کے 290 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور ایک شخص کی کورونا انفیکشن سے موت ہوئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق اس کے ساتھ ہی دہلی میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 14,43,352 ہوگئی ہے اور مہلوکین تعداد بھی بڑھ کر 25,105ہوگئی ہے ۔قومی راجدھانی خطہ میں موجودہ میں 1103مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے 583ہوم آئیسولیشن میں ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ اومیکرون وائرس کے نئے ویرینٹ کے خطرہ کے مد نظر گزشتہ کچھ دنوں میں دہلی میں انفیشکن کے معاملے بڑھے ہیں ۔قومی راجدھانی خطہ میں بڑھتے معاملوں پر دہلی سرکار باریکی سے نظر رکھے ہوئے ہے ۔موجودہ صورتحال کے پیش نظر آج اتوار کو اروند کجریوال سرکار نے کورونا سے نپٹنے کیلئے بڑا فیصلہ لیا۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی سرکار نے کل سے دہلی میں نائٹ کرفیو لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔ دہلی میں پیر کی رات 11بجے سے صبح 5بجے تک کرفیو لگانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اترپردیش سرکار بھی نائٹ کرفیو کا اعلان کرچکی ہے اور وہاں بھی رات 11 بجے سے صبح 5بجے تک کرفیو لگایا جارہا ہے۔ملک کی کئی ریاستیں بھی کورونا کے بڑھتے معاملوں اور نئے ویرینٹ اومیکرون کے مریض کے سامنے آنے پر رات کا کرفیو نافذ کرنے کے احکامات جاری کر چکی ہیں ۔آج اسی کڑی میں ملک کی راجدھانی دہلی میں بھی اروند کجریوال سرکار نے نائٹ کرفیو لگانے کا حکم دیا ہے ،جو کل پیر سے نافذ ہوجائے گا ۔
اومیکرون کا خوف،دہلی میں رات کا کرفیو آج سے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS