ہند،امریکہ،اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے بنایا نیا گروپ

0

یروشلم/ نئی دہلی (یو این آئی) : ہندوستان،اسرائیل،امریکہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مشرق وسطیٰ سمیت ایشیا کے اہم ممالک کا معاشی اور عالمی امور پرمل کرہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ان چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے آج ایک ورچوئل میٹنگ میں اس بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر ان دنوں اسرائیل کے دورے پر ہیں اور انہوں نے تل ابیب سے اس میٹنگ میں شرکت کی۔ اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں انہوں نے مل کر تجارت، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے،توانائی کے تعاون اور بحری سلامتی جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس میٹنگ کی خاص بات یہ تھی کہ میڈیا کو اس میٹنگ سے دور رکھا گیا۔ ڈاکٹر جے شنکر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آج شام چاروں وزراء کی ایک کامیاب اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، جس میں معاشی ترقی اور عالمی مسائل پر مل کر کام کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس پر جلد اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔
امریکی وزیر خارجہ مسٹر انٹونی بلنکن نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ میٹنگ اپنے اپنے متعلقہ علاقوں اور دنیا کیلئے باعث تشویش امور اور ہمارے معاشی اور سیاسی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر مرکوز تھی۔ بعد ازاں امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چاروں وزرا نے مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں اقتصادی اور سیاسی تعاون، بشمول تجارت میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے،توانائی کے اشتراک اور سمندری سلامتی کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ چاروں وزراء نے لوگوں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے منسلک رکھنے اور عالمی وبا کووڈ19کے دوران صحت کی امداد کرنے کے بارے میں بھی بات چیت کی۔مسٹر بلنکن نے یہ بھی کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے ابراہم سمجھوتہ (اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین) اور خطے میں حالات کو معمول پر لانے کے معاہدے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے ، اور علاقائی اور عالمی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔یہ میٹنگ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب اسرائیل اور متحدہ عرب امارات ابراہم سمجھوتے کی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں اور اس موقع پر امریکہ اور ہندوستان جیسے ہم خیال ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ اس سے اس معاہدے کی جڑیں مضبوط ہوں گی۔ اسے سفارتی حلقوں میں ایک نئے کواڈ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS