سیلاب سے متاثرہ اتراکھنڈ میں این ڈی آر ایف کی پندرہ ٹیمں بچاو مہم میں مصروف

0

نئی دہلی،(یو این آئی) اتراکھنڈ میں گزشتہ تین دنوں سے ہورہی موسلا دھار بارش کے جاری رہنے اور محکمہ موسم کے اس سلسلہ میں ریڈ الرٹ کے مدنظر نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) نے راحت اور بچاو مہم کے لئے ریاست میں جدید ساز وسامان سے لیس 15ٹیموں کو تعینات کیا ہے جو بچاو مہم میں مصروف ہیں۔
این ڈی آر ایف کے ترجمان نے منگل کو یہاں بتایا کہ چھ ٹیموں کو ادھم سنگھ نگر ضلع، اترکاش اور چمولی میں دو دو اور دہرہ دون پتھورا گڑھ اور ہردوار میں ایک ایک ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک مکمل ٹیم اور ایک چھوٹی ٹیم کو نینی تال میں اور ایک دیگر چھوٹی ٹیم کو الموڑا میں تعینات کیا گیا ہے۔ ان تمام ٹیموں کی تعینات ریاستی حکومت کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست میں بچاو مہم پرزو ر طریقہ سے جاری ہے اور اب تک ادھم سنگھ نگر اور دیگر متاثرہ علاقوں سے 300سے بھی زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم کو اترکاشی میں تیار رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ کیرالہ میں بھی این ڈی آر ایف کی گیارہ ٹیمیں تعینات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے مختلف حصوں میں فی الحال این ڈی آر ایف کی 103ٹیمیں تعینات ہیں۔ ساتھ ہی راجدھانی دہلی میں این ڈی آر ایف کا کنٹرول روم دن رات تمام ریاستوں کے ساتھ رابطہ قائم کئے ہوئے ہے۔
خیال رہے کہ ریاست کے کماوں سرکل کے نینی تال اور الموڑا ڈویزن میں گزشتہ تین دنوں سے ہورہی مسلسل بارش سے 29لوگوں کی موت ہوگئی ہے جبکہ ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔ اس کے علاوہ املاک کا بھی کافی نقصان ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS