کسانوں نے اجے مشر کی برطرفی کیلئے ڈالا دباؤ

0

شری گنگانگر (ایجنسیاں) اترپردیش کے لکھیم پور کھیری کسان قتل عام میں مرکزی وزیرمملکت برائے داخلہ اجے مشر کے بیٹے آشیش کی گرفتاری ہونے کے بعد سنیکت کسان مورچہ نے 3نئے زرعی قوانین کے خلاف جاری تحریک کی دھار تیز کردی ہے۔ مورچہ نے آج ایک پریس کانفرنس میں مرکزی وزیرمملکت اجے مشر کو برطرف کرنے کی مانگ کرتے ہوئے تحریک کے آئندہ کے اقدامات کا اعلان کیا۔ پریس کلب آف انڈیا دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کسان لیڈر راکیش ٹکیت، درشن پال، یوگیندر یادو اور دیگر شریک ہوئے۔ پریس کانفرنس کے دوران کسانوں لیڈروں نے 12اکتوبر کو پورے ملک میں شہید کسان دن منانے کی اپیل کی ہے۔ یہ وہ دن ہے جس میں لکھیم پور کھیری میں مارے گئے کسانوں کا آخری ارداس(بھوگ) ہوگا۔ مورچہ نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ 12اکتوبر کو لکھیم پور کھیری ضلع میں تکونیا میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں پہنچ کر کسانوں کے انتم ارداس (بھوگ) میں شامل ہوکر خراج عقیدت پیش کریں۔ اس کے علاوہ کسانوں نے اسی دن شام کو کینڈل مارچ بھی نکالنے کا اعلان کیا۔ مورچہ نے کہاکہ 11اکتوبر تک مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو ملک گیر احتجاجی پروگراموں کی شروعات کی جائے گی۔مورچہ نے 15اکتوبر کو وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ بی جے پی کے مقامی لیڈروں کے پتلوں کو جلانے کی بھی اپیل کی۔ اس کے بعد 18اکتوبر کو پورے ملک میں صبح 10سے شام 4بجے تک ریل روکو تحریک چلائی جائے گی اور26اکتوبر کو لکھنؤ میں لکھیم پور کھیری کسان قتل عام کے خلاف کسان مہاپنچایت منعقد کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS