پنجاب کی راہ پر چھتیس گڑھ کانگریس، پارٹی آپسی رنجش کا شکار، راہل کے سامنے بڑا سوال

0
Image: The quint

نئی دہلی،(یو این آئی):پنجاب کانگریس میں گھمسان کے بعدچھتیس گڑھ کانگریس میں داخلی رنجش بڑھ گئی ہے اور وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل کی حمایت کرنے والے ایم ایل اے نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے لیے دہلی میں ڈیرہ ڈال دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی حمایت میں کانگریس لیڈران سے بات چیت کے لئے دہلی میں چھتیس گڑھ کے تقریبا 20 اراکین اسمبلی یہاں آئے ہیں۔ ان اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ چھتیس گڑھ میں مسٹر بگھیل کی قیادت میں حکومت صحیح طریقے سے کام کر رہی ہے اوروہاں وزیر صحت ٹی ایس سنگھ دیوعدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہی پیغام پارٹی کے سینئر لیڈران تک پہنچانے کے لئے وہ دہلی آئے ہوئے ہیں۔
چھتیس گڑھ سے آئے ایم ایل اے سب سے پہلے کانگریس کے ریاستی انچارج جنرل سکریٹری کے ایل پونیا سے ملنا چاہتے ہیں،لیکن بتایا جا رہا ہے کہ مسٹر پونیا دہلی سے باہر ہیں۔ ایم ایل اے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کا وقت مانگنے کے لئے یہاں ڈٹے ہیں لیکن مسٹر گاندھی ان دنوں کیرالہ کے دورے پر ہیں اورمسٹر گاندھی وہاں مسلسل کئی پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔
کانگریس کے لیڈرن کے دہلی میں ہونے کی بات قبول کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے صحافیوں کے سوال پر کہا ، “تو کیا ایم ایل اے کہیں نہیں جا سکتے ، ایم ایل اے ہیں تو وہ کہیں بھی جا سکتے ہیں اور اگر چھتیس گڑھ کے ایم ایل اے دہلی گئے ہیں ، پھر یقینا وہ سیاسی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ ان کی ملاقات کو سیاسی نقطہ نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا۔
قابل ذکر ہے کہ چھتیس گڑھ کے وزیر صحت سنگھ دیو کا کہنا ہے کہ جب وہاں حکومت بنائی گئی تھی تو فیصلہ کیا گیاتھا کہ ڈھائی سال بعد مسٹر بگھیل کی جگہ انہیں وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔ مسٹر سنگھ دیو کا کہنا ہے کہ انہیں وزیر اعلیٰ بنایا جانا چاہیے لیکن مسٹر بگھیل ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں اس لیے کانگریس ہائی کمان کی کوششوں کے باوجود معاملہ حل نہیں ہورہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS