نئی دہلی (ایس این بی) : صوبہ آسام کے ترانگ ضلع میں دھال پوربستی میں کل 800گھروں کو پولیس وانتظامیہ کے ذریعہ مسمارکئے جانے کے خلاف اپنے جمہوری حق کے مطابق پرامن احتجاج کررہے بے بس اور نہتے لوگوں کے خلاف ہونے والی پولیس کارروائی کو انتہائی وحشیانہ قراردیتے ہوئے جمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا ارشدمدنی نے کہا کہ یہ ظلم ایساہے، جسے لفظوںمیں بیان نہیں کیا جاسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم وبربریت کا جو ننگاناچ وہاں ہوا ہے، اس کے کئی ویڈیوسوشل میڈیا پر دیکھے جاسکتے ہیں، یہ ظلم ہندوستان جیسے جمہوری ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ اپنے ہی ملک میں اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے کئے جارہے پرامن احتجاج کو طاقت کے ذریعہ کچلنے کیلئے غیر قانونی اور تشددکا ایسا وحشیانہ طریقہ اختیارکرنا، جسے دیکھ کر انسانیت شرمندہ ہوجائے،کسی بھی مہذہب سماج کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔ مولانا مدنی نے یہ بھی کہا کہ یہ انسانی حقوق کے سنگین پامالی کا معاملہ ہے ،اس لئے کہ اگر وہ لوگ سرکاری زمین پر آبادتھے تو قانونی طورپر پہلے نوٹس جاری کیا جانا چاہئے تھا۔دوسرے وہ کوئی غیرملکی نہیں ہیں، اسی ملک کے شہری ہیں اور پچاسوں سال سے آبادہیں ، جن کو یقینا اس وقت وہاں کی گورنمنٹ نے اجازت دی تھی اور بسایا تھا، اس لئے اجاڑنے سے پہلے انہیں کوئی متبادل جگہ آباد ہونے کیلئے فراہم کی جانی چاہئے تھی ، مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ آبادیوں کو اجاڑنے کی اس مہم میں 2مسجدوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ ایک مدرسہ کو بھی ملبہ کا ڈھیر بنادیا گیا ہے۔ وہاںکے لوگ خود کو اس طرح جبراًبے گھر کئے جانے کے خلاف جمہوری طریقہ سے احتجاج کررہے تھے ، لیکن ریاستی سرکارکو غالباًیہ جمہوری احتجاج راس نہیں آیا اور گولی چلوادی ،جس میں میری معلومات کے مطابق 2لوگوں کی موت ہوگئی اور بہت سے لوگ شدید زخمی ہیں۔ مولانا مدنی نے اخیر میں کہا کہ آج جمعیۃعلماء آسام کے نائب صدررقیب الحسن گورنر سے ملاقات کررہے ہیں، حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی جوڈیشنل انکوائری کرائی جائے، اجاڑے گئے خاندانوں کی بازآباد کاری کا بندوبست کیا جائے ، ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت انسانی حقوق کو اولیت دیتے ہوئے مظلوموں کوانصاف دے گی اورآئندہ ایسی حرکتیں نہیں ہوں گی۔ واضح رہے جمعیۃعلماء آسام کے صدرمولانا مشتاق عنفرابتداہی سے اس سلسلہ میں تگ و دوکررہے ہیں اور جمعیۃعلماء آسام مصیبت کی اس گھڑی میں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے ۔
ظلم وبربریت کا ننگاناچ ہندوستان جیسے جمہوری ملک کیلئے انتہائی خطرناک:مولانا ارشد مدنی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS