نئی دہلی: (یوا ین آئی) موجودہ حکومت میں اقلیتوں کے خلاف جاری رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کے سربراہ اور مشہور شاعرعمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سب سے زیادہ شکار اقلیتی طبقہ کے لوگ ہی ہوئے ہیں جس میں نوٹ بندی،جی ایس ٹی جیسے فیصلے بھی شامل ہیں جس کا سب سے زیادہ نقصان اور چوٹ جین سماج کو ہی پہنچا۔
جین سماج کو کانگریس سے قریب لانے کی مہم کے تحت منعقدہ ایک پروگرام میں انہوں نے کہا کہ،موجودہ حکومت کی اقلیتوں کے خلاف پالیسیوں کو لیکر جین سماج کے ذمہ داران کافی ناراض ہیں انہوں نے کہا کہ جین سماج کو یوپی اے کے دور اقتدار میں ہی اقلیت کا درجہ دیا گیا تھا جو کہ موجودہ بی جے پی حکومت نہیں چاہتی۔
اقلیتی شعبہ کے قومی صدر نے جین سماج کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کانگریس پارٹی سے جو ڈور ٹوٹ گئی تھی اسے دوبارہ سے جوڑے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جین سماج کو اقلیتی شعبہ میں ہرریاستی کمیٹی اور ضلع کمیٹی سے لیکر بلاک اور بوتھ لیول تک کے کمیٹی میں جگہ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی حصولیابیوں کو عوام میں گنا نہیں پاتے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم عوام کے بیچ جا کر انہیں موجودہ بی جے پی حکومت اور کانگریس دورحکومت کے بارے میں بتائیں کہ کانگریس حکومت نے اقلیتوں کے لئے جو اقدامات کئے تھے اور انہیں جو حقوق حاصل تھے آج انہیں پامال کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پورے ملک میں اس طرح کے پروگرام کئے جائیں تا کہ پارٹی اور سماج کی دوری کو کم کیا جاسکے اور ان کے جو شکایات ہیں ان کے جو مسائل ہیں انہیں حل کیا جائے اور ایک با ضابطہ روڈ میپ تیار کیا جاسکے۔
حکومت کی ناقص پالیسیوں کے شکار اقلیتی طبقہ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS