ٹیم انڈیا نے ہاکی میں تاریخ رقم کی، جرمنی کو ہرا کر ’برونز میڈل‘ جیتا، 41 سال بعد اولمپکس میں تمغہ

جرمنی کی ٹیم نے چوتھے کوارٹر گول داغ کر مقابلہ کو دلچسپ ضرور بنا دیا لیکن آخر میں وہ ایک گول سے پیچھے رہ گئی اور کانسہ کے تمغہ پر ہندوستان کا قبضہ ہو گیا

0

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس 2020 میں کانسہ کے تمغہ کے لئے مقابلہ میں ہندوستان نے جرمنی کو 5-4 سے شکست دے دی۔ ٹیم انڈیا کی شروعات خراب رہی لیکن اس نے لگاتار گول کر کے شاندار واپسی کی۔ اس کے بعد جرمنی نے دو گول داغ کر ہندوستان پر دباؤ بنایا لیکن ہندوستان نے یکے بعد دیگر چار گول داغ کر میچ میں 5-3 کی برتری حاصل کر لی۔

جرمنی کی ٹیم نے چوتھے کوارٹر ایک گول داغ کر مقابلہ کو دلچسپ ضرور بنا دیا لیکن آخر میں وہ ایک گول سے پیچھے رہ گئی اور کانسہ کے تمغہ پر ہندوستان کا قبضہ ہو گیا۔ اولمپکس میں ہاکی میں ہندوستان نے 41 سال بعد کوئی تمغہ حاصل کیا ہے۔ ٹوکیو اولمپکس میں اس سے قبل ہندوستان تین تمغے حاصل کر چکا ہے۔ پہلا تمغہ (چاندی) میربائی چانوں نے ویٹ لفٹنگ میں جیتا، دوسرا تمغہ (کانسہ) پی وی سندھو نے بیڈمنٹن میں اور تیسرا تمغہ (کانسہ) لولینا بورگوہین نے مکہ بازی میں حاصل کیا۔

قبل ازیں، جرمنی نے میچ کے پہلے منٹ میں ہی گول کر دیا۔ تیمور اوروز کے اس فیلڈ گول کی مدد سے جرمنی کی ٹیم 1-0 سے آگے ہو گئی۔ ٹیم انڈیا کے پاس اس کا جواب دینے کا موقع تھا لیکن وہ چوک گئی۔ ہندوستان کو اس کے بعد 5ویں منٹ میں پینلٹی کارنر حاصل ہوا لیکن روپندر پال سنگھ گول کرنے میں ناکام رہے۔

پہلے کوارٹر میں جرمنی ہندوستان پر حاوی رہا اور جرمن کھلاڑی بھی کافی پر جوش نظر آئے۔ تاہم ہندوستان نے اس کوارٹر میں بہتر دفاعی گیم کھیلا اور شریجیش نے دو گول بچائے۔ دوسرے ہاف میں ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان نے نہ صرف لگاتار گول کئے بلکہ جرمن کھلاڑیوں پر حاوی بھی رہے۔

دوسرے ہاف میں جرمنی کی ٹیم دباؤ میں نظر آئی جبکہ ہندوستانی کھلاڑی گول کی لگاتار تلاش کرتے رہے۔ جس کا انہیں فائدہ بھی ملا اور سمرن جیت سنگھ اور روپندر نے گول داغے۔ تیسرے کوارٹر میں روپندر نے پینلٹی کارنر لیتے ہوئے ہندوستان کے لئے چوتھا گول داغا، جس کے بعد ہندوستان 4-3 سے آگے ہو گیا۔ اس کے فوری بعد سمرن جیت سنگھ نے گول کر کے اس برتری کو 5-3 پر لا دیا۔

آخر میں جرمنی نے ایک اور گول داغ کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ اس کے بعد جرمنی نے پینلٹی کارنر پر گول کرنے کی کوشش کی لیکن ہندوستانی گول کیپر شریجیش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کا دفاع کیا۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS