ٹوکیو : (یو این آئی) ٹوکیو اولمپک کے شروع ہونے میں ایک ہفتہ سے بھی کم وقت باقی رہتے ہوئے ہندوستان کا پہلا اولمپک وفد اتوار کی صبح ٹوکیو پہنچا گیا ۔ ٹوکیو کے ناریتا بین الاقوامی ہوائی اڈے پرکوروبے شہر کے نمائندے موجود تھے۔
مجموعی 88 ممبروں پر مشتمل اس دستہ میں 54 ایتھلیٹ ، سپورٹ اسٹاف اور ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے نمائندے شامل ہیں ، ہفتہ کی رات نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈ ے پر ایک تقریب میں مرکزی وزیر برائے کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر اور مرکزی وزیرمملکت برائے کھیل نسیتھ پرمانک نے باضابطہ طور پر روانہ کیا۔
اس تقریب میں انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے صدر نریندر دھرو بترا، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے جنرل سکریٹری راجیو مہتا اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل سندیپ پردھان بھی موجود تھے
ناریتا ہوائی اڈے پر پہنچنے پرکوروبے شہر کے نمائندوں نے ہندوستانی ٹیم کا استقبال کیا۔ کھلاڑیوں کو ہوائی اڈے پرکورونا ٹیسٹنگ کے عمل سے گزرنا پڑا ۔ سبھی کوکلیئرنس ملنے کے بعد کھلاڑی کھیل گاؤں کے لئے روانہ ہوگئے۔ آٹھ کھیلوں تیراندازی ، ہاکی ، بیڈ منٹن ، ٹیبل ٹینس ، جوڈو ، جمناسٹکس اور ویٹ لفٹنگ سے وابستہ کھلاڑی اور معاون عملہ آج ٹوکیو پہنچا ۔ کل 127 ہندوستانی ایتھلیٹوں نے ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کیا ہے ، جو کہ ریو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والے 117 کھلاڑیوں کی تعداد سے آگے نکلتے ہوئے ایک ریکارڈ ہے ۔
انوراگ ٹھاکر نے تقریب میں کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ انہیں ٹوکیو اولمپکس میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور ترنگے کا وقار بلند رکھنا ہوگا ۔ انوراگ ٹھاکر نے اس موقع پر کہا ’’ جب آپ ٹورنامنٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے اتریں گے تو پورا ملک آپ کے پیچھے کھڑا ہو گا ۔ آپ اپنے اوپر کوئی بوجھ مت سمجھیں ۔ یہ موقع ہرکسی کی زندگی میں نہیں آتا۔ آپ خوش قسمت جو اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کریں گے ۔ مجھے امید ہے کہ آپ سبھی ٹوکیو میں ترنگے کا وقاربلند رکھیں گے‘‘۔
پرمانک نے اس موقع پر کہا ’’ہمارے ملک کی نمائندگی کرنے آپ سب ٹوکیو جارہے ہیں ، ایسے وقت میں کروڑوں ملک کے باشندوں کی نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں اور آپ ملک کا سر دنیا میں فخرسے اونچا کریں گے‘‘۔ آئی او اے کے صدر ڈاکٹر بترا نے بھی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی جبکہ راجیو مہتا نے اس موقع پر وزیر کھیل اور آئی او اے صدر سے مطالبہ کیا کہ انہیں کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے کچھ انعامی رقم کا اعلان کرنا چاہئے ۔ تاہم باترا نے اس پر کہا وہ ابھی اس معاملے پر کچھ نہیں کہیں گے ۔ بترا نے کھلاڑیوں سے کہا ’’آپ اولمپکس میں اپنی بہترین کارکردگی مظاہرہ کر کے آئیں ، اس کے بعد اس معاملے پر کچھ کیا جاسکتا ہے‘‘۔