ہندستان کو کسی کا آنکھ دکھانا منظور نہیں: راج ناتھ

0

نئی دہلی/لیہ: (یو این آئی) وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے آج چین کا نام لئے بغیر کہا کہ ہندستان امن کے حق میں ہے اور کبھی کسی پر حملہ نہیں کرتا لیکن اسے کسی کا آنکھ دکھانا منظورنہیں ہے اور اس کی فوج ہر طرح کے چیلنج کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
فوج کے سربراہ منوج مکند نروانے کے ساتھ لیہ اور لداخ کے تین دن کے دورہ پر گئے سنگھ نے پیر کو لداخ کے کارو آرمی اسٹیشن کی 14ویں کور کے حکام اور جوانوں سے بات کی۔بعد میں انہیں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ برس چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد تصادم میں شہید ہوئے ملک کے فوجیوں کو خراج عقیدت دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے ان تمام جوانوں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے جون 2020میں ’گلوان وادی‘میں ملک کے لئے اپنی جان کی قربانی دی۔ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ملک ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے فوج کی طرف سے اس دوران دکھائی گئی بہادری کی تعریف کی اور کہاکہ ملک کو اس پر فخر ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ ہندستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسائل کا حل نکالنے کی خواہش رکھتا ہے لیکن ملک کی حفاظت کے ساتھ کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی امن کے پجاری ہیں۔ ہم ہتھیار بھی اٹھاتے ہیں تو امن کے قیام کے لئے۔ ہندستان نے آج تک کسی بھی ملک پر نہ تو حملہ کیا ہے نہ ہی کسی بھی ملک کی ایک انچ زمین پر ہم نے قبضہ کیا ہے۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسائل کا بات چیت کے ذریعہ حل نکالنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ ارادہ واضح ہونا چاہئے۔ ہم نہ تو کسی کو آنکھ دکھانا چاہتے ہیں نہ کسی کا آنکھ دکھانا منظور ہے۔ ہماری فوج میں ہر چیلنج کا منہ توڑ جوا ب دینے کی صلاحیت ہے۔
مسلح افواج کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن حمایت کا یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کا ویزن ہے کہ فوج کا مضبوط ہونا ضروری ہے جس سے وہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لے ہمیشہ تیار رہ سکے۔
مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہاکہ 14ویں کور کی تیسری ڈویزن 1962میں ہند۔ چین جنگ کے درمیان قائم کی گئی تھی۔ قیام کے کچھ برسوں میں ہی 1965کی ہند۔پاکستان جنگ میں اس نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ کارگل جنگ میں بھی اس کی بہادری کے کارناموں نے اہل وطن کا سر اونچا کیا۔
14ویں کور کے فوجیوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آپ کی بہادری کے کارناموں کی وجہ سے ہی آپ کو ’ترشول‘کا لقب دیا گیا ہے۔ آج آپ بھگوان شنکر کے ترشول کی طرح مکمل صلاحیت کے ساتھ ملک کی شمالی سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ سرحد پر پیدا ہوئی کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کی آپ صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر شمالی کمان کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل وائی کے جوشی اور 14ویں کور کے جنرل آفیسر ان کمان لیفٹننٹ جنرل پی جی کے مینن اور کئی سینئر افسران بھی موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS