جموں و کشمیر: کورونا سے مرنے والوں کے لواحقین کے لئے خصوصی پنشن اور سکالرشپ کا اعلان

0

سری نگر: (یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے ایسے خاندانوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے پنشن دینے کو منظوری دی ہے جنہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے واحد کمانے والے رکن کھو دیے ہیں۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں انتظامی کونسل کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کووڈ متاثرین کے لئے خصوصی امدادی سکیم (ایس اے ایس سی ایم،سکشم) کو منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کا مقصد اُن خاندانوں کی زندگی کو آسان بنانا ہے جنہوں نے اپنا واحد کمانے والا فرد کھو دیا ہے
ترجمان نے بتایا کہ نئی سکیم سکشم کے تحت فوت شدہ کی شریک حیات اور متاثرہ خاندانوں میں سے ایک زندہ بچ جانے والے رکن کو ایک ہزار روپے کی خصوصی ماہانہ پنشن ملے گی۔
یہ ایک ہزار روپے کی رقم براہ راستہ بینک ٹرانسفر ( ڈی بی ٹی ) کی جائے گی۔
مزید برآں یہ سکیم ان بچوں کو خصوصی سکالر شپ بھی فراہم کرے گی جو اپنے کمائے ہوئے والدین،بہن بھائیوں،سرپرستوں کو کووڈ کی وجہ سے کھو دیتے ہیں۔
خصوصی سکالر شپ سالانہ بالترتیب بیس ہزار روپے اور چالیس ہزار روپے کی رقم کے حساب سے 12 ویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو بذریعہ ڈی بی ٹی دی جائے گی۔
انتظامی کونسل نے کووڈ متاثرین کے اہل خانہ کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر میں ایک خصوصی سیل اور مختلف سرکاری سکیموں کے تحت فوائد میں توسیع کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے بھی خصوصی سیل بنانے کی منظوری دی ہے۔
مذکورہ سیل میں ڈائریکٹر جنرل وومن اینڈ چائیلڈ ڈیولپمنٹ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر،جموں، مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس اور محکمہ خزانہ کے نمائندے شامل ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS