باہر سے لوگوں کو لاکر بنگال پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں گجراتی:ممتا بنرجی
ہاوڑہ (یو این آئی): مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اتوار کو الزام لگایا کہ اترپردیش اور بہار کے غنڈوں کو لاکر گجراتی بنگال پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ محترمہ بنرجی نے یہاں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بنگال کو گجرات جیسا نہیں بننے دیں گے۔انہو ں نے کہاکہ بی جے پی فرقہ وارانہ گڑبڑی پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوال کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی بڑی بڑی باتیں کرتی ہے کہ وہ کسانوں کو پیسہ دستیاب کرا رہی ہے۔ ہم نے انہیں (مرکزی حکومت) کو مستحقین کی فہرست بھیج دی ہے۔ وہ پیسہ کیوں نہیں بھیج رہے ہیں؟۔ ترنمول کانگریس کی سپریمو نے ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ مودی سنڈیکیٹ ایک ہیں اور امت شاہ سنڈیکیٹ2 ہیں۔ وہ ابھیشیک کے گھر ایجنسیوں کو بھیج رہے ہیں، سدیپ اور اسٹالین کی بیٹی کے گھر ایجنسیوں کو بھیج رہے ہیں۔ وہ مسلسل پولیس افسران کو بدل رہے ہیں۔اس سے پہلے ہگلی ضلع میں ایک عوامی جلسہ میں محترمہ بنرجی نے حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کیا ’بھگوان یا سپر مانو‘ہیں، جو اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت کا دعویٰ کرسکتے ہیں، جبکہ 6 مرحلوں کے انتخابات ابھی باقی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آپ (مودی) خود کو کیا سمجھتے ہیں، کیا آپ بھگوان ہیں یا سپر مانو ہیں۔ محترمہ بنرجی وزیراعظم کے اس بیان کا ذکر کررہی تھیں، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ بنگال میں بی جے پی حکومت کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوں گے اور جتنی جلد ممکن ہوسکے پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا نافذ کرنے کی درخواست کریں گے۔ترنمول سپریمو نے انڈین سیکولر فرنٹ یا اس کے بانی کا نام لئے بغیر کہاکہ بی جے پی ایک شخص کو اقلیتوں کا ووٹ کاٹنے کیلئے پیسہ دے رہی ہے ۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ترنمول کانگریس کے کچھ لیڈروں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ بنارس میں ممتا بنرجی کا استقبال ہے، مگر وہاں بھی انہیں ہرے کرشنا اور جے شری رام کے نعرے سننے پڑیں گے۔ممتا بنرجی نے وزیراعظم مودی کوجواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ جہاں جاتے ہیں، وہاں ہنگامہ ہوجاتا ہے۔ بنگلہ دیش میں بھی ان کی وجہ سے ہنگامہ ہوا ۔ممتا بنرجی نے اقلیتوں کو بی جے پی سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ایک ایسے شخص کو کھڑا کیا ہے، جو ووٹ تقسیم کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ سی پی ایم اور کانگریس نے بھی ان کے ساتھ اتحاد کرلیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ الیکشن کمیشن امت شاہ کی ہدایت پر کام کررہا ہے۔ خیال رہے کہ کل تیسرے مرحلے کی پولنگ سے صرف 2 دن قبل کئی اعلیٰ افسران کا تبادلہ کردیا گیاہے ۔دریں اثنا مغربی بنگال ، آسام ، تمل ناڈو ، کیرالہ اور پڈوچیری میں 6 اپریل کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی مہم اتوار کی شام اختتام پذیر ہو گئی ۔
بی جے پی بڑی بڑی باتیںکرتی ہے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS