گواہاٹی، (پی ٹی آئی): آسام کی 126 رکنی اسمبلی کے لیے 3 مرحلوں میں ہونے والے الیکشن میں کھڑے 946 امیدواروں میں سے 264 امیدوار کروڑ پتی ہیں جو مجموعی امیدواروں کا 27.90 فیصد ہے۔
انتخابی میدان میں سب سے امیر امیدوار یونائیٹڈ پیپلز پارٹی، لبرل (یو پی پی ایل) کے کوکرا جھاڑ مغرب (درج فہرست قبائل کے لیے ریزرو) منرنجن برہما ہیں جنہوں نے اپنی مجموعی جائیداد 268 کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے۔ برہما کے بعد سب سے امیر امیدوار ادھربند سے آزاد امیدوار راہل رائے ہیں جنہوں ن 136 کروڑ روپے کی جائیداد کا اعلان کیا ہے۔ تیسرے مقام پر اے آئی یو ڈی ایف کے جمنا مکھ سے امیدوار سراج الدین اجمل ہیں جن کی جائیداد حلف نامہ کے مطابق 111 کروڑ روپے کی ہے۔ تینوں سب سے امیر امیدواروں نے اپنی آمدنی کا وسیلہ کاروبار بتایا ہے جبکہ برہما کی بیوی نے زراعت سے آمدنی ہونے کی جانکاری دی ہے۔ رائے سابق وزیر اور کانگریس کے لیڈر گوتم رائے کے بیٹے ہیں جو بی جے پی میں شامل ہو گئے اور اب پارٹی کے ٹکٹ پر کٹی گورا سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہیں راہل رائے اور ان کی بیوی دائسی رائے بطور آزاد امیدوار انتخابی میدان میںہیں۔ دائسی الگا پور سے الیکشن لڑ رہی ہیں اور اس جوڑے کی مجموعی جائیداد 131 کروڑ روپے ہے۔ سابق ممبر اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ اجمل اے آی یوڈی ایف کے سربراہ بدرالدین اجمل کے چھوٹے بھائی ہیں۔
ایسو سیئشن فار ڈیموکریٹک ریفارم (اے ڈی آر) کے تجزیہ کے مطابق کانگریس کے سب سے زیادہ 64 کروڑ پتی امیدوار میدان میں ہیں۔ اس کے بعد بی جے پی کا مقام ہے جس کے 60 امیدوار ایسے ہیں جنہوں نے انتخابی حلف نامے میں ایک کروڑ روپے سے زائد جائیداد بتائی ہے۔ وہیں نوتشکیل شدہ آسام جاتیہ پریشد کے 31، آسام گن پریشد کے 22، اے آئی یو ڈی ایف کے 11، بی پی ایف کے 8 اور یو پی پی ایل کا ایک امیدوار کروڑ پتی ہے۔ باقی کروڑ پتی آزاد امیدوار ہیں۔ ان کروڑ پتی امیدواروں میں سے 72 ایسے امیدوار ہیں جن کی آمدنی 5 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ ہے جبکہ 91 امیدواروں کی آمدنی 2 کروڑ روپے یا اس سے زائد ہے۔ وہیں 197 امیدوار ایسے ہیں جن کی آمدنی 50لاکھ روپے سے 2 کروڑ روپے کے درمیان ہے۔ موجودہ بی جے پی-آسام گن پریشد-بی پی ایف سرکار میں سب سے امیر وزیروں کی فہرست میں میں نابا کمار ڈولے کا نام ہے جنہوں نے 25 کروڑ روپے کی جائیداد ہونے کی جانکاری دی ہے۔ اس کے بعد ہمنت بسوا سرما اور چندن برہما کا مقام ہے جن کی جائیداد بالترتیب 17 کروڑ اور 16 کروڑ روپے کی ہے۔
اے ڈی آر کے مطابق دیگر کروڑ پتی وزیروں میں سدھارتھ بھٹا چاریہ (8 کروڑ روپے)، پجوش ہزاریکا (6 کروڑ)، رہون دائماری اور سم رونگھانگ (5-5 کروڑ) کا نام شامل ہے۔ وزیراعلیٰ سروانند سونووال اور ان کی کابینہ میں شامل چندر موہن پٹواری، پرملا رانی برہما اور کشاب مہنت نے 3-3 کروڑ روپے کی جائیداد ہونے کی جانکاری دی ہے۔ موجودہ اسمبلی اسپیکر ہتیندر ناتھ گوسوامی نے اپنے جائیداد ایک کروڑ روپے بتائی ہے جبکہ ان کے ڈپٹی امین الحق لشکر نے اپنی جائیداد 6 کروڑ روپے ہونے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رنجیت کمار داس نے 5کروڑ روپے کی جائیداد ہونے کی جانکاری دی ہے۔
آسام: 264 کروڑ پتی امیدوار انتخابی میدان میں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS