image:gdnonline

ہند-پاک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے کوششیں جاری: عادل الجبیر
ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اعتراف کیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عرب نیوز کو دیے ایک انٹرویو میں عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب پورے خطے میں امن چاہتا ہے اور اس کے لیے متعدد سطح پر کوشش کرتا ہے،انہوں نے کہا ہم علاقے میں امن اور استحکام کے لیے مستقل کوششیں کرتے رہتے ہیں، چاہے وہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین امن ہو یا لبنان، شام، عراق، ایران، افغانستان کا معاملہ ہو، یہاں تک کہ ہم پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، چاہے سوڈان میں استحکام پیدا کرنا ہو یا لیبیا میں جنگ کا خاتمہ ہو، ہم نے ہر جگہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ عادل الجبیر نے اصرار کیا کہ کچھ عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان تعلقات ’معمول‘ پر آنے کے باوجود سعودی عرب ایسا نہیں کر رہا۔انھوں نے کہا کہ ہم عرب امن اقدامات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر مبنی دو ریاستی حل چاہتے ہیں، جہاں ایک فلسطینی ریاست موجود ہے اور وہ امن و سلامتی کے ساتھ مل کر رہ سکتی ہے۔ یہی ہمارا مؤقف ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یہ بھی کہا گیا تھا کہ ونگ کمانڈر ابھینندن کی رہائی میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اہم کردار تھا تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ پلوامہ حملے کے فوری بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پہلے پاکستان اور پھر ہندوستان کا دورہ کیا جب کہ بھارت کے خارجہ امور کے ماہرین کے مطابق جہاں سفارتی ’تنی ہوئی رسی‘ کی وجہ سے شہزادہ سلمان نے شدت پسندی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی، وہیں مودی کی اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ کسی بھی طرح سے دہشت گردی کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS