مرادآباد(معظم علی؍ایس این بی) : پریس کانفرنس میں صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کے معاملے میں سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے خلاف مراد آباد کے تھانہ پاکبڑا میںمقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس کیس میں ایس پی سربراہ کے علاوہ پارٹی کے 20 نامعلوم کارکن بھی شامل ہیں۔ ان سب کے خلاف دفعہ 147 ، 342 اور 323 کے تحت رپورٹ درج کی گئی ہے۔ دوسری طرف ایس پی ضلعی صدر کی جانب سے دی گئی تحریر کی بنیاد پر صحافیوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے دفعہ 160 ، 341 ، 332 ، 353 ، 504 ، 499 اور 120 بی کے تحت دو نامزد صحافیوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔سماج وادی پارٹی کے ڈویژنل تربیتی کیمپ میں شامل ہونے کے لئے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو 11 مارچ کو مراد آباد آئے تھے۔ انہوں نے پاکبڑہ کے ایک ہوٹل میں پریس کانفرنس کی۔ اس دوران کافی ہنگامہ ہوا۔ اکھلیش یادو کے سیکورٹی اہلکاروں اور صحافیوں کے مابین نوک جھونک اور مار پیٹ بھی ہوئی۔ ہنگامے کے دوران متعدد صحافیوں کے موبائل اور کیمرے ٹوٹ گئے۔ اس معاملے میں جمعہ کو صحافیوں نے یادو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے مراد آبادکے کمشنر اور ایس ایس پی کو درخواست دی۔ الزام لگایا گیا کہ اکھلیش نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بلایا اور ان پر حملہ کرایا اور انہیں یرغمال بنا یا گیا۔ اس معاملے میں کمشنر آنجنے کمار سنگھ نے حملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی تفتیش کی جائے گی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے میں ہفتہ کے روز اکھلیش یادو اور 20 دیگر کارکنوں کے خلاف پاکبڑا تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایس پی کے ضلع صدر جے ویر سنگھ یادو کی تحریر پر الیکٹرانک میڈیا کے دو صحافیوں کے خلاف بھی رپورٹ درج کی گئی ہے۔
اکھلیش یادو سمیت 20 افراد کے خلاف ایف آئی آر
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS