Image:thenewsminute

تروننت پورم: کیرالہ اسمبلی انتخابات کا وقت قریب ہے، جس کے لئے بائیں بازو اتحاد اور کانگریس کے زیرقیادت اتحادکے مابین اصل مقابلہ ہوگا۔ کیرالہ میں اسمبلی انتخابات کے لئے 6 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ جس کا نتیجہ 2 مئی کو آئے گا۔ اس سلسلے میں کانگریس کے زیر قیادت اتحاد (یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ یا یو ڈی ایف) میں سیٹ شیئرنگ سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ہے۔اس سیٹ شیئرنگ کے تحت کانگریس 91 نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ وہیں، آئی یو ایم ایل (انڈین یونین مسلم لیگ) 27 نشستوں پر انتخاب لڑے گی۔ اس کے علاوہ آر ایس پی (ریولیوشنری سوشلسٹ پارٹی) 5 نشستوں پر انتخاب لڑے گی۔ این سی پی (کے) 2 سیٹوں پر، جنتا دل ایک سیٹ پر ، سی ایم پی ایک سیٹ پر ، کے سی (جے) ایک سیٹ پر اور آر ایم پی ایک سیٹ پر مقابلہ کرے گی۔خیال رہے کہ کیرالہ قانون ساز اسمبلی میں کل 140 نشستیں ہیں، جن میں سے کانگریس یو ڈی ایف اتحاد کی حمایت سے 91 نشستوں پر انتخاب لڑنے جا رہی ہے۔ کانگریس کی طرف سے ان تمام نشستوں کے لئے جلد ہی ان کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔2016 میں ہونے والے کیرالہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو کل 22 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ اسی طرح اگر یو ڈی ایف اتحاد کی دوسری جماعتوں پر نظر ڈالیں تو آئی یو ایم ایل کو 18 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔
اس کے علاوہ کے سی (ایم) کو 6، کے سی (جے) کو ایک نشست حاصل ہوئی تھی۔ جبکہ 2016 کے انتخابات میں جے ڈی یو اور آر ایس پی کو کوئی سیٹ حاصل نہیں ہوئی تھی۔غورطلب ہے کہ ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ پانچ ریاستیں کیرالہ، تمل ناڈو، آسام، پڈوچیری اور مغربی بنگال ہیں۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی مسلسل کیرالہ کے دورے پر ہیں۔ کیرالہ میں ہر بار حکومت کے تبدیل ہونے کا رجحان دیکھا گیا ہے اور ایک بار کانگریس اور ایک بار لیفٹ کو اقتدار حاصل ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS