دہلی کی ترقی، شہریوں کی خدمات، بچوں کی اچھی تعلیم اور ہر ہندوستانی کا احترام ہمارے لیے دیش بھکتی : سسودیا
نئی دہلی (ایس این بی ) : دہلی اسمبلی نے جمعہ کو دہلی کا ’دیش بھکتی‘بجٹ پاس کردیا ۔ 2021-22 کیلئے 69ہزار کروڑ روپے کا بجٹ پاس کیا گیا ۔ واضح رہے کہ منیش سسودیا نے مسلسل ساتویں بار بجٹ پیش کیاتھا جس میں ایک چوتھائی تعلیمی شعبہ کے لئے اور 14فیصد ’9,934کروڑ‘ صحت شعبہ کے لئے مختص کرنے کی تجویز ہے۔آئندہ سال کایہ بجٹ رواں سال کے بجٹ کے مقابلے 6فیصد زیادہ ہے۔دہلی سرکار نے سال 2020-21میں 65ہزار کروڑ کا بجٹ پیش کیا تھا۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر مالیات منیش سسودیا کے ذریعہ پیش بجٹ کو جمعہ کو پاس کردیا گیا۔69ہزار کروڑکے بجٹ میں مختلف اسکیم اور پروجیکٹ پر 37,800کروڑ (55فیصد)اور انتظامی کام پر 31,200 کروڑ (45فیصد)خرچ کئے جائیں گے۔کم انتظامی خرچ اور زیادہ پروجیکٹ خرچ بہتر مالی منیجمنٹ سے ممکن ہوسکا ،کورونا وائرس کے بعد سرکار پروجیکٹ پر زیادہ توجہ مرکوز کرے گی ۔ پچھلے بجٹ کی طرز پر سال 2021-22کے بجٹ میں دہلی سرکار نے تعلیم کے لئے سب سے زیادہ 16377کروڑ روپے مختص کئے ،یہ رقم پورے بجٹ کی 24فیصد ہے۔صحت پر 9,934کروڑ (14فیصد)،ٹرانسپورٹ پر 9,394کروڑ (13فیصد)،شہری ترقی پر 5,328کروڑ (8فیصد)، سماجی بہبود پر 4,750کروڑ (7فیصد)اور توانائی کے لئے 3,227(5فیصد) مختص کئے گئے ہیں ۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بجٹ پر ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے دیش بھکتی بجٹ پر اٹھے سوال پر اپنا موقف رکھا ۔انہوں نے اپنے خطاب میں دیش بھکتی بجٹ کی اصل مفہوم کو بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے دہلی کی ترقی دیش بھکتی ہے۔شہریوں کو اچھی صحت خدمات دینے ،بچوں کو اچھی تعلیم دینا ،خواتین کلینک بنانا دیش بھکتی ہے۔ہمارے لئے ترنگا لہرانا اور ترنگے کہ سایے میں کھڑے ہر ہندوستانی کا احترام و عزت کرنادیش بھکتی ہے ۔ہمارے لئے جوانوں اور کسانوں کا احترام کرنا دیش بھکتی ہے ۔
وزیر مالیات منیش سسودیا نے کہا کہ بی جے پی پچھلے 15سالوں سے دہلی کے ایم سی ڈی کے اقتدار پر قابض ہے لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ دہلی کے ایم سی ڈی اسکولوں میں پڑھنے والے بہت سے طلبا اپنی کتابوں کو بھی نہیں پڑھ پاتے ہیں ،یہ اپوزیشن کی ملاوٹی دیش بھکتی ہے جو فوج کے جوانوں کی شہادت پر کریڈٹ لینے کے لئے سب سے آگے کھڑے ہوتے ہیں لیکن انہیں اچھی سہولیات مہیا کرانے میں پیچھے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے دہلی کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو بیرونی ممالک میں ٹریننگ دے کر انہیں مضبوط بنایا ہے۔ہمارے دل میں رام اور بغل میں آئین ہے اور آئین کے ساتھ ہم دہلی میں رام راج لائیں گے۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ایوان کے سامنے اپنا وزن رکھتے ہوئے کہا کہ آج ایک عام ہندوستانی کنبہ یہ خواب دیکھتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینے کے لئے امریکہ ،برٹین اور جاپان کی کسی یونیورسٹی میں بھیجے ،ہمیں اپنی تعلیم پر اتنا کام کرنا ہے کہ مستقبل میں امریکہ ،برٹین ،جاپان کے کنبوں کا یہ وزن ہو کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دینے کے لئے دہلی کی کسی یونیورسٹی میں بھیجیں گے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS