اجودھیا: ملک اور دنیا کے کروڑوں عقیدت مندوں کی آستھا کے مرکز اجودھیا میں شانداررام مندرکی تعمیر کا صدیوں پرانا خواب شرمندہ تعبیر ہونے میں اب چند دنوں کا وقت باقی ہے۔ دنیا کے سب سے اونچے مندر کی تعمیر کا’بھومی پوجن‘اگست کے پہلے ہفتہ میں ہونے کا پورا امکان ہے۔
وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ترجمان شرد شرما نے اتوار کو یو این آئی سے بات چیت میں کہا کہ شری رام جنم بھومی پررام مندرکی تعمیرمجوزہ ماڈل کے مطابق ہی ہوگی۔ شری رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رام مندرکی اونچائی 161فٹ ہوگی اوراونچائی پرپانچ گمبد بنائے جائیں گے جس سے مندر شاندار نظر آئے گا۔
شری رام جنم بھومی نیاس کی ورکشاپ میں مندر کی تعمیر کے لئے جو پتھر تراش کر رکھے گئے انہی کا تعمیر میں استعمال کیا جائے گا۔یہ ورکشاپ 1990میں قائم کی گئی تھی اسی وقت سے مندر کے لئے پتھرتراشے جارہے تھے۔ 1855سے جاری اجودھیا تنازعہ کا فیصلہ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس نو نومبر کو سنایا تھا۔
اجودھیا میں مجوزہ رام مندر ماڈل یکم ستمبر 1989میں پریاگ راج کمبھ کے دوران ہی دیورہا بابا سمیت ملک کے چوٹی کے سنتوں کی سفارشات پر تیار کیا گیا تھا۔ اس رام مندر کے ماڈل کی تصویر کو گھر گھر پہنچانے کا کام کیا گیا تھا جس کے بعد ’شلا پوجن‘کا کام کیا گیا تھا۔ مسٹر شرد شرما نے بتایا کہ چندن کی لکڑی سے بنے رام مندر کے مجوزہ باڈل کو اجودھیا کی ورکشاپ میں رکھا گیا ہے جسے آج بھی ملک و بیرون ملک کے کافی عقیدت مند دیکھتے ہیں۔
رام مندر وی ایچ پی کے صدر رہے اشوک سنگھل کے ذریعہ تیار کردہ ماڈل کے مطابق ہی تعمیر کیا جائے گا۔
وی ایچ پی کے ترجمان کے مطابق رام مندر 265.5فٹ لمبا او 140 فٹ چوڑا اور اب 128فٹ کی جگہ 161فٹ اونچا ہوگا جس کی پہلی منزل پر سب سے پہلے سنگھ گیٹ،رنگ منڈپ،نرتیہ منڈپ اورپھرپریکرما کے بعد گربھ گرہ ہوگا۔ مندر کی دوسری منزل پررام درباراور اس کے تین تین منڈپ کے علاوہ پانچ منڈپ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رام مندر کی ہر منزل پر 106کھمبے اور ایک کھمبے میں 16مورتیاں ہوں گی۔ یہ مندر پانچ منزل کا بنایا جائے گا۔
دنیا کے سب سے اونچے مندر میں رہیں گے راجہ رام
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS