نئی دہلی: صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں کووڈ -19 انفیکشن کے حالات اور اس کی جانچ اور ہیلتھ کیئر سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے موجودہ حالات کا ہفتے کو جائزہ لیا۔
ڈاکٹر ہرش وردھن کی قیادت میں آج یہاں نرمان بھون میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے اعلی سطح وزرا گروپ (جی او ایم)کی 17ویں میٹنگ ہوئی۔اس میٹنگ میں شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ ایس پوری،وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت مسٹر اشونی کمار چوبے بھی موجود تھے۔
جی او ایم کو ملک میں کوویڈ -19 سے متعلق تازہ معلومات دی گئی۔انہیں کورونا وائرس انفیکشن کے موجودہ معاملوں ،ریکوری کی شرح ،شرح اموات ،انفیکشن کے دوگنا ہونے کی شرح،ہیلتھ کیئر سے متعلق بنیادی ڈھانچے اور جانچ کی صلاحیت میں آئی تیزی سے مطلع کرایاگیا۔وزرا گروپ کو یہ بتایا گیا کہ ملک کی آٹھ ریاستوں مہاراشٹر،تمل ناڈو،دہلی،تلنگانہ،گجرات،اترپردیش ،آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں پورے ملک کے 85.5 فیصد فعال معاملے ہیں۔شرح اموات کے معاملے میں 87 فیصد معاملے انہی ریاستوں میں درج کئے گئے ہیں۔
جی او ایم کو ساتھ ہی یہ اطلاع دی گئی کہ اب تک 15 مرکزی ٹیموں کو ملک کی مختلف ریاستوں کو کورونا کے خلاف جنگ میں تکنیکی مدد کےلئے بھیجا گیا ہے۔اس وقت ایک مرکزی ٹیم گجرات،مہاراشٹر اور تلنگانہ کے دورے پر ہے۔انہیں کنٹینمنٹ زون کا اعلان کرنے کے عمل کی حکمت عملی میں آروگئے سیتو کے استعمال کی معلومات بھی دی گئی۔