ریاست میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے گراف کے پیش نظر حکومت چوکس ہوگئ ہے۔ نہ صرف حکومت کورونا چیلنج سے نمٹنے کے لئے اسپتالوں میں بیڈ بڑھا رہی ہے۔ بلکہ پچھلے 10 دنوں میں جس تیزی سے معاملوں میں اضافہ ہوا ہے اسی تیزی سے کنٹینمنٹ زونس میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اسپتالوں میں 6104 بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ریاست کے 9 اسپتالوں کو کووڈ اسپتالوں کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ، اس وقت کووڈ اسپتالوں اور دیگر طبی اداروں سمیت 32،891 بستر ہیں جبکہ یہ تعداد 10 دن پہلے 26،787 تھی۔ صرف یہی نہیں ، ریاست میں 10 دن پہلے 403 رسک زون تھے ، جس میں 50فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اب یہ تعداد 810 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ پچھلے 10 دنوں میں ، ریاست میں مریضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ہفتے کے روز یعنی آج 7 اضلاع میں 129 معاملے درج ہوئے۔ سب سے زیادہ متاثرہ افراد گڑگاؤں میں 85 ، فرید آباد اور روہتک میں 13 ، بھوانی میں 12 ، سونپت میں 3 ، پانی پت میں 2 اور چرخی دادری میں ایک رہے۔ ریاست میں 50 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، جن میں سے 35 آکسیجن پر ہیں اور 15 وینٹیلیٹر پر ہیں۔اب ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 6463 ہوگئی ہے۔ اسی کے ساتھ ، اب تک 2475 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔