سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
جموں-سرینگر شاہراہ پر آج اس وقت خوفناک صورتحال پیدا ہوئی کہ جب رسوئی گیس لیجانے والی ایک گاڑی میں آگ نمودار ہوئی اور سینکڑوں سلینڈر دھماکوں سے اُڑ گئے۔حادثے کا شکار ہوئی گاڑی کے محض نشانات ہی باقی رہ پائے ہیں تاہم اس حادثے میں کسی کے مرنے یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سرکاری ذڑائع نے بتایا کہ رسوئی گیس لیکر آرہا ایک ٹرک ادھمپور کے مضافات میں ٹکری کے مقام پر رُکا ہوا تھا کہ جب اس میں اچانک ہی آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا اور سینکڑوں گیس سلینڈر خوفناک دھماکوں کے ساتھ پھٹنے لگے۔ان ذرائع نے بتایا کہ آگ بجھانے والے عملہ کو بلائے جانے تک ٹرک تباہ ہوچکا تھا۔ ادھمپور کے سینئر سُپرانٹنڈنٹ آف پولس (ایس ایس پی) راجیو پانڈے نے بتایا کہ دھماکوں کی وجہ سے سارا علاقہ دہل اُٹھا اور یہاں زبردست خوف و حراس پھیل گیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدام کے بطور اس حادثے کی وجہ سے شاہراہ پر کچھ دیر کیلئے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی تھی جسے بعدازاں بحال کیا گیا۔
ادھمپور پولس نے بتایا کہ واقعہ کے حوالے سے ایک ایف آٗی آر درج کر لی گئی ہے اور حادثے کی تحقیقات جاری ہے۔ایک پولس اہلکار نے بتایا کہ بظاہر یہ واقعہ ایک قدرتی حادثہ معلوم ہوتا ہے تاہم معاملہ درج کرکے اسکی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔