نئی دہلی:ملک میں مسلسل دو دن سے عالمی وبا کورونا وائرس انفیکشن کے چھ ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد سوا لاکھ کے اعداد و شمار کو پار کرکے 1،25،101 تک پہنچ گئی ہے تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ ملک میں 50 ہزار سے زائد لوگوں نے اس انفیکشن سے نجات بھی پائی۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے آج صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے اب تک کے سب سے زیادہ 6654 نئے معاملے سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 1،25،101 تک پہنچ گئی۔ ملک میں کل ایکٹو کیسز 69597 ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 6088 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔
ملک میں كووڈ -19 وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 137 افراد کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 3720 ہو گئی۔ جمعہ کے مقابلہ ہفتہ کو مرنے والوں کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے۔ جمعہ کے اعدادوشمار کے مطابق ایک دن میں كووڈ -19 سے 148 افراد کی موت ہوئی تھی۔ انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے درمیان اس وبا سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3250 لوگ صحتیاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والے لوگوں کی کل تعداد 51،784 ہو گئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے، یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 44582 ہو گئی ہے اور کل 1517 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 12583 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔