وزیر داخلہ کا ممتا بنرجی کو مکتوب، مہاجر مزدوروں کی گھر واپسی میں تعاون کریں

0

 مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مغربی بنگال حکومت پر مختلف ریاستوں میں درماندہ مزدوروں کی واپسی کا بندوبست کرنے میں ناکام رہنے کا الزام عائد کیا ہے۔  انہوں نے وزیر اعلی ممتا بنرجی سے اس معاملے میں تعاون کرنے کو کہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق امت شاہ نے بنرجی کو ایک مکتوب ارسال کر کے کہا ہے کہ مختلف ریاستوں میں درماندہ مغربی بنگال کے مزدور اپنی آبائی ریاست جانے کے لئے بے چین اور پریشان ہیں ۔ مرکزی حکومت درماندہ مہاجر مزدوروں کی ان کے گھر جانے میں مدد کر رہی ہے لیکن اسے مغربی بنگال حکومت سے حمایت نہیں مل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اب تک مختلف ریاستوں کے دو لاکھ سے زائد مہاجر مزدوروں کی ان کے گھر جانے میں مدد کی ہے ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ مغربی بنگال حکومت ٹرینوں کے ریاست میں داخلے سے متعلق عمل میں تعاون نہیں کر رہی ہے ۔ یہ مغربی بنگال کے مہاجر مزدوروں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔ اس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا ۔رپورٹوں میں بھی کہا گیا ہے کہ مغربی بنگال کے مزدور مختلف ریاستوں میں انتظامیہ کے لئے بھی پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں اور ان ریاستوں نے مرکزی حکومت سے انہیں ان کی ریاستوں میں بھیجنے میں تعاون کی درخواست کی ہے ۔ 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS