کشمیر: کپوارہ آپریشن میں دو فوجی افسران سمیت 5 سیکورٹی اہلکار شہید، 2 جنگجو بھی مارے گئے

    0

    شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ہندوارہ میں جمعے کو شروع ہونے والے جنگجو مخالف آپریشن میں دو فوجی افسروں سمیت پانچ سیکورٹی فورسز اہلکار شہید ہوئے اور دو جنگجوئوں ہلاک ہوئے۔
    سرکاری ذرائع کے مطابق جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فوج کی راشٹریہ رائفلز کا ایک کمانڈنگ آفسر، ایک میجر، جموں وکشمیر پولیس کا ایک سب انسپکٹر، ایک لانس نائیک اور ایک رائفل مین شہید ہوگئے ہیں۔ یہ سبھی سیکورٹی اہلکار اس مکان میں پھنس گئے تھے جس میں جنگجو چھپے بیٹھے تھے۔
    انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران دو جنگجو مارے گئے ہیں جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔
    ذرائع کے مطابق ہندوارہ کے ژنجہ مولہ نامی گائوں میں جاری جنگجو مخالف آپریشن کے دوران ہفتہ کو دو فوجی افسروں سمیت پانچ سیکورٹی اہلکار اس رہائشی مکان میں داخل ہوگئے جس میں جنگجو چھپے بیٹھے تھے۔ تاہم یہ سبھی اہلکار مذکورہ مکان میں ہی پھنس کر رہ گئے۔
    انہوں نے کہا کہ مکان میں پھنسے والے اہلکاروں کو بچانے اور وہاں موجود جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کے لئے پیرا کمانڈوز کو کام پر لگا دیا گیا تھا۔ اگرچہ جنگجو مارے گئے لیکن وہ سیکورٹی اہلکاروں کو بچا نہیں سکے۔
    ہندوارہ کے جنگلات میں جنگجو مخالف آپریشن جمعے کو اس وقت شروع ہوا تھا جب واڈر بالا نامی گائوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
    سیکورٹی فورسز نے بعد ازاں ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا جس دوران ژنجہ مولہ میں تصادم شروع ہوا۔
    بتادیں کہ وادی میں سیکورٹی فورسز نے کورونا وائرس لاک ڈائون کے بیچ جنگجو مخالف آپریشنز میں تیزی لائی ہے اور گذشتہ 45 دنوں میں اب تک کم از کم 30 جنگجو مارے جاچکے ہیں۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS