،اعظم کیمپس کی مثبت پہل مسجد میں کوارنٹین کےلئے انتظام کیا گیا

0

نئی دہلی(ایس این بی):مسجد میں کوارنٹین کا انتظام کر کے پنے کے اعظم کیمپس نے ایک مثبت پہل کی ہے۔ اعظم مسجد ہندوستان کی پہلی مسجد ہے جس میں کوارنٹین کے لیے انتظام کیا گیا ہے۔ اعظم کیمپس کے صدر پی اے انعامدار کا کہنا ہے کہ یہ وقت باتیں کرنے کا نہیں، کام کرنے کا ہے۔ یہ دن بھارت کے لوگوں کے لیے بہت اہم ہیں۔ جو اس وقت کام کرے گا، وہی یاد رکھا جائے گا،چنانچہ ہمیشہ کی طرح اعظم کیمپس نے بلا تفریق مذہب و ملت ملک کے لوگوں کے کام آنے کی کوشش کی ہے۔ انعامدار کے مطابق،اعظم کیمپس میں واقع یہ مسجد کافی پرانی ہے،توسیع اور تزئن کے بعد یہ کافی شاندار ہو گئی ہے۔اس کی پہلی منزل کوارنٹین کے لیے دی گئی ہے۔ فی الوقت مسجد میں 60 لوگوں کے کوارنٹین کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ گدے اور تکیے سے لے کر کھانے پینے تک کے انتظامات اعظم کیمپس کی طرف سے ہی کیے گئے ہیں۔ مسجد سے باہر لیکن کیمپس میں ہی 40 خواتین کے کوارنٹین میں رہنے کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کوارنٹین کے لیے انتظامات کرتے وقت حکومت کے احکامات کا پوری طرح خیال رکھا گیا ہے اور یہ کوشش کی گئی ہے کہ یہاں رہنے والوں کو کسی طرح کی تکلیف نہ ہو۔
پی اے انعامدار نے بتایا کہ اعظم کیمپس 30 ایکڑ میں پھیلا ہوا ہے۔ اس میں 31تعلیمی ادارے ہیں۔ ان میں 27 ہزار طلبا اور 2000 اسٹاف ہیں۔ اس کیمپس کی طرف سے 30 لاکھ روپے کا اناج بانٹا جا چکا ہے اور لوگوں کی دیگر طرح سے بھی مدد کی جا رہی ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS