ٹی آرایس کی یوم تاسیس سادگی کے ساتھ منانے چندرشیکھرراو کی خواہش

    0

     حیدرآباد:تلنگانہ کے وزیراعلی و حکمران جماعت ٹی آرایس کے سربراہ کے چندرشیکھرراو نے کورونا وائرس کے پیش نظر پارٹی کی یوم تاسیس کی تقاریب سادگی کے ساتھ منانے کی خواہش کی ہے۔انہوں نے پارٹی لیڈران اور کارکنوں کے نام جاری کردہ پیغام میں پارٹی کے قیام سے لے کر آج تک کی جدوجہد و کارناموں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے تلنگانہ کی جدوجہد میں ٹی آرایس کے رول سے واقف کرواتے ہوئے گذشتہ چھ برسوں کے دوران ریاستی حکومت کی کامیابیوں کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے ساتھ ہی واضح کیا کہ وزرا،ارکان اسمبلی اورپارٹی کے اہم لیڈران پیر کو پارٹی کا پرچم لہرائیں گے۔کورونا وائرس کی وبا کے خاتمہ کے بعد دودہائیوں کے جشن کو بڑے پیمانہ پر منایاجائے گا۔پارٹی جس کا قیام تلنگانہ خطہ کوریاست کا درجہ دلانے کے مقصد کے ساتھ عمل میں لایاگیا تھا، اپنے قیام کی دو دہائیوں کی تکمیل کررہی ہے۔چندرشیکھرراو کی زیرقیادت اس پارٹی نے بڑے پیمانہ پر تحریک چلاتے ہوئے متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کے خطہ کو ریاست کا درجہ دلانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ راو نے کہاکہ پارٹی نے کئی کامیابیاں حاصل کیں۔گذشتہ 6برس سے حکومت نے کئی کارنامے انجام دیئے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کا حصول ایک دیرینہ خواب تھا،جس کو حاصل کرنے کے لئے طویل جدوجہد کی گئی اور تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد گذشتہ 6برس سے حکومت بہتر کام کررہی ہے اور کئی مسائل کو بھی حل کرنے کے اقدامات کئے گئے۔ساتھ ہی حکومت نے کئی کامیابیاں بجلی،آبپاشی،دیگر شعبہ جات میں حاصل کیں اور تلنگانہ کو ماڈل ریاست میں تبدیل کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل صورتحال پائی جاتی ہے ۔
    جس کی وجہ سے سادگی کے ساتھ یہ تقاریب منانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ہر ضلع میں مقامی سطح پر وزرا،پارٹی کے لیڈران،ارکان اسمبلی،ارکان مقننہ پارٹی پرچم
    لہرائیں گے۔اسی دوران پارٹی کے کارگذار صدر کے تارک راماراو نے پارٹی کی یوم تاسیس کے موقع پر تمام کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے خون کا عطیہ دینے کی
    خواہش کی۔انہوں نے کورونا وائرس کے پیش نظر گھروں میں ہی رہتے ہوئے پارٹی پرچم لہرانے کی خواہش کی۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے کارکن سماجی فاصلہ کو
    یقینی بنائیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS