حیدرآباد: صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت سید جلیل احمد ایڈوکیٹ نے ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران مسلمانوں کے خلاف الکٹرانک میڈیا کی جانب سے چلائی جانے والی منافرانہ مہم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے میڈیا کی اس مسلم مخالف مہم نے ملک میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ایک ایسی دراڑ پیدا کردی ہے جو پریوار کی سو سالہ کوششوں سے بھی نہیں پیدا ہوئی تھی اور موجودہ حالات کو دیکھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ اس دراڑ کو پاٹنا ناممکن نہیں، تو بے حد مشکل ضرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریوار ملک میں اسی پالیسی پر عمل کررہا ہے جو گزشتہ صدی میں نازی قوتوں نے اپنائی تھی۔ جس طرح یہودیوں کے قتل عام کے لئے فضا بنائی گئی تھی یہ محسوس ہورہا ہے کہ وہی طریقہ کار اپنایا جارہا ہے۔ جب ہٹلر نے 1939میں پولینڈ پر حملہ کیا تو اس وقت ٹائفس کی وبا پھیل گئی تھی اور نازیوں نے اس کے لئے یہودیوں کو ذمہ دار قرار دیا تھا اور بدقسمتی کی بات ہے ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے لئے تبلیغی جماعت اور مسلمانوں کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔ یہ فسطائیت کی نشانی ہے۔ ایڈمنسٹریشن کے علاوہ میڈیا اس کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہا ہے اور تبلیغی جماعت کے ارکان کی اس طرح تلاش کی جارہی ہے جیسے وہ خطرناک دہشت گرد مجرم ہوں‘حتیٰ کے ان کی نشاندہی کرنے پر انعام کا بھی لالچ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی غیر مسلم کی وجہ سے کوئی واقعہ ہو تو میڈیا اس خبر کو ایسے چھپا رہا ہے جیسے وہ گندگی ہو جس کا ذکر باعث شرمندگی ہو‘ یہ میڈیا کی مقصدیت نہیں ہے۔ سید جلیل احمد نے کہا کہ ایسی رجعت پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا امیج خراب ہورہا ہے اورقوم کی رسوائی ہورہی ہے اور ان اقدامات کو ایک فرقہ کی نسل کشی کی کارروائی قرار دیا جارہا ہے۔ ایک مرتبہ یہ داغ لگ جائے تو اس کو مٹانا آسان نہیں۔ سنگھ پریوار اور بی جے پی ملک کو ہندو راشٹر بنانا چاہتے ہیں‘لیکن اس کے لئے جو راستہ اپنایا جارہا ہے وہ آگ اور خون سے بھرا ہوا ہے‘تباہی ہوگی تو صرف مسلمانوں کی نہیں ہوگی بلکہ ساری قوم اس کی زد میں آئے گی۔ اس آندھی میں غریبوں کی جھونپڑیاں اڑیں گی تو امیروں کے محل بھی نہیں بچ سکیں گے۔
کورونا وبا کے لئے مسلمانوں کو ذمہ دار ٹھہرانا فسطائیت کی نشانی: سید جلیل احمدایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS