دہلی میں لاک ڈاؤن میں کوئی رعایت نہیں: وزیراعلیٰ کیجریوال

0

ئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دارالحکومت میں كووڈ -19 کے بغیر علامات والے مریضوں کے سامنے آنے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اتوار کو کہا کہ فی الحال لاک ڈاؤن میں کسی طرح کی ڈھیل نہیں دی جائے گی۔
کیجریوال نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت میں بڑی تعداد میں ایسے مریض سامنے آ رہے ہیں جن میں کورونا وائرس کی کوئی علامت نہیں نظر آرہی۔ یہ تشویشناک صورت حال ہے اور یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں کسی طرح کی نرمی نہیں دی جائے گی۔ ایک ہفتے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس وقت جو بھی حالات ہوں گے اس کے لیے موزوں فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہلی میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جو تشویش بڑھانے والی بات ہے حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گھبراہٹ میں آنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہفتہ کو دہلی میں 736 افراد کی جانچ کی گئی اور اس میں سے 186 یعنی 25 فیصد کورونا پازیٹو ہیں، جو بہت زیادہ ہیں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ کل جو 186 پازیٹو رپورٹ آئی ان میں کورونا وائرس کی کوئی عام علامات نظر نہیں آرہی تھی، ان لوگوں کو خود معلوم نہیں تھا کہ یہ کورونا وائرس لے کر گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے تمام 11 ضلع ہاٹ اسپاٹ قرار دیئے گئے ہیں۔
کیجریوال نے کہا کہ نظام الدین مركز کی بھی سب سے زیادہ مار دہلی کو جھیلنی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی ملک کی راجدھانی ہے اور یہاں کل آبادی کا محض دو فیصد ہے جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کا تناسب 12 فیصد ہے۔ دہلی میں وائرس کے کل 1893 کیسز ملے ہیں۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات میں نظم و ضبط میں رہ کر اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کر کے ہی کورونا وائرس پر کنٹرول میں مدد ملے گی۔ کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور اگر لاک ڈاؤن نہیں ہوتا تو صورتحال کتنی خوفناک ہوتی اس کا تصور کرنا ہی مشکل ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ دہلی میں 77 کنٹرول زون ہیں اور ان میں بھی اچانک ٹسٹ میں پایا گیا کہ کیسز بڑھے ہیں۔ ان علاقوں میں بھی لوگ ایک دوسرے کے گھروں میں جا رہے ہیں جن علاقوں میں لوگوں نے اس پر عمل نہیں کیا وہاں کیسز بڑھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے وسائل سے مالا مال اور خوشحال ممالک میں کورونا وائرس کے قہر کی تصویر سب کے سامنے ہے.
انہوں نے کہا کہ دہلی میں 26 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ اورچھ وینٹی لیٹر پر ہیں، وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی میں حالات تشویشناک ہیں اور تمام پہلوؤں پر غوروخوض کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حالات میں راحت دینے پرحالات بگڑے تو خود کو معاف نہیں کر پائیں گے۔ اس لئے ایک ہفتے بعد 27 اپریل کو دوبارہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اوراس وقت جو حالات ہوں گے اس کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS