ریاستیں کرونا انفیکشن کے ہاٹ اسپاٹ کا جنگی پیمانے پر پتہ لگائیں: وزیراعظم مودی

0

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں کرونا  وائرس انفیکشن کے بہت زیادہ حساس جگہوں (ہاٹ اسپاٹ) کا جنگی پیمانے پر پتہ لگانے اور وبا کے پھیلنے پر روک لگانے کی اپیل کرتے ہوئے آج ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ سبھی ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کیونکہ  کچھ ممالک میں یہ وائرس دوبارہ پھیلارہا ہے۔
وزیراعظم نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں  کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کرونا سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا اور اس  سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تفصیل سے بات چیت کی۔
پورے ملک میں کرونا کی وجہ سے نافذ کی گئیں مکمل پابندیوں پر ریاستوں کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے انہوں  نے یہ بھی کہا ہے کہ مکمل پابندی کے خاتمے کے بعد ریاستوں کو دھیرے دھیرے اس سے باہر  آنے کے لئے ایک  یکساں پالیسی بنانے پر بھی کام کرنا چاہئے جس سے زندگی  کو معمول پر لایا جاسکے۔
وزرائے اعلی سے زمینی حالات کی جانکاری لینے اور ان کے مشورے سننے کے بعد وزیراعظم مودی نے کہا کہ کرونا کے ہاٹ اسپاٹس پر پابندی لگائی جانی چاہئے اور یہ یقینی بنایا جانا چاہئے کہ یہ وہاں سے دوسری جگہ نہ پھیلیں۔ 
پورے ملک میں  امن اور نظم قائم رکھنے پر  زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا نے ہمارے عقیدے اور یقین کو چوٹ پہنچائی ہے  اور یہ ہماری زندگی  کے لئے  خطرہ بن کر آیا  ہے۔
اس وبا سے یکجہتی کے  ساتھ نمٹنے کے  لئے انہوں نے وزرائے اعلی سے ریاست، ضلع،  قصبہ اور بلاک کی سطح پر تمام لیڈروں اور ٖفلاح وبہبود کی تنظیموں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنانے پر زور دیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS