اتر پردیش: مڈ ڈے میل کے گرم برتن میں گرنے سے 3 سالہ بچی کی موت

0

نئی دہلی:مرزا پور کی 3سالہ معصوم بچی آنچل کو بہت اچھا لگتا تھا جب اپنے بھائیوں کو اسکول پڑھنے جاتا ہوا دیکھتی تھی۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ضد کر کے وہ بھی اپنے بھائیوں کے ساتھ اسکول جانے لگی۔ لیکن 3 فروری کے روز جب وہ بھائیوں کے ساتھ اسکول گئی تو کچھ ایسا ہوا کہ واپس گھر نہ لوٹ سکی۔ اتر پردیش کے مرزاپور ضلع میں رام پور اتری اسکول میں جب مڈ ڈے میل کے لیے سبزی بنائی جا رہی تھی، تو آنچل اس گرم برتن میں گر گئی اور بری طرح سے جھلس گئی۔ سنگین حالت میں اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن پیر کی شام اس کا انتقال ہو گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پیر کی دوپہر یہ حادثہ اس وقت ہوا جب باورچی کان میں ائیر فون لگا کر گانا سننے میں مشغول تھی۔ اور کھیلتے ہوئے آنچل مڈ ڈے میل پکانے والی جگہ پر آ گئی، اور سبزی بنانے والے برتن میں گر گئی۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ باورچی خانہ میں موجود خواتین اسے برتن سے نکالنے کی جگہ فرار ہو گئیں۔ جب ہنگامہ ہوا تو بچی کو نکال کر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس واقعہ سے علاقے میں غم و اندوہ کی لہر پھیل گئی ہے۔ آنچل کے گھر میں تو ماتم کا سماں ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS