نئی دہلی:شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ جاری ہیں۔ اس درمیان سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف آج ’گاندھی شانتی یاترا‘شروع کی۔ اس دوران ان کے ساتھ این سی پی سربراہ شرد پوار بھی موجود تھے اور انھوں نے ہی اس یاترا کو ہری جھنڈی دکھائی۔
ان کے علاوہ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان، سابق رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا اور ودربھ سے کانگریس لیڈر آشیش دیشمکھ بھی موجود رہے۔ اس یاترا میں کسان تنظیموں سمیت دیگر مختلف تنظیموں کے کارکنان بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس یاترا کی شروعات ممبئی واقع گیٹ وے آف انڈیا سے ہوئی ہے جو کہ 21 دنوں میں 3000 کلو میٹر کا راستہ طے کرے گی۔ یہ یاترا راجستھان، اتر پردیش، ہریانہ ہوتے ہوئے 30 جنوری کو دہلی پہنچ کر راج گھاٹ پر ختم ہوگی۔
یاترا کی شروعات کے موقع پر یشونت سنہا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا ’’ہماری یاترا سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ہے۔ ان ریاستوں کے بھی خلاف ہے جنھوں نے تشدد کو فروغ دیا۔ یاترا کے دوران راستے میں ہم لوگوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ امبیڈکر جی کے دستور کی حفاظت کریں گے۔ ملک کو دوبارہ تقسیم اور گاندھی کا دوبارہ قتل نہیں ہونے دیں گے۔‘‘