نئی دہلی، (یواین آئی): ہندوستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں چین اور پاکستان کے اتحاد کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے رکن ممالک کے دہشت گردی پرمشترکہ بیان پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایس سی او کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کا دو روزہ اجلاس چین کے شہر چنگ داؤ میں جاری ہے۔ چین کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کررہے ہیں۔
ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دہشت گردی پر رکن ممالک کے مشترکہ بیان پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چین اور پاکستان مشترکہ بیان میں جموں و کشمیر میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کا ذکر نہیں کرنا چاہتے تھے اور اس کے بجائے جعفر ٹرین ہائی جیک کے معاملے کو بیان میں پاکستان میں شامل کرنے پرآمادہ تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان نے اس پر سخت اعتراض کیا اور بیان پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔ اس وجہ سے ایس سی او کی میٹنگ کے اختتام کے بعد مشترکہ بیان جاری نہیں کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل میٹنگ میں مسٹر سنگھ نے رکن ممالک کے سامنے دہشت گردی پر ہندوستان کے موقف کو واضح کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ دہشت گردی کی ہر کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے اور تنظیم کو اجتماعی سلامتی کو درپیش اس خطرے کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔
مسٹر سنگھ نے زور دے کر کہا، “امن اور خوشحالی دہشت گردی اور غیر ریاستی عناصر کے ہاتھوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ نہیں رہ سکتی۔ دہشت گردی کے مجرموں، معاونین، مالی معاونین اور اسپانسرز کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔”
انہوں نے پاکستان اور چین کی موجودگی میں واضح طور پر کہا کہ آپریشن سندور کے ذریعے ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف دفاع اور سرحد پار سے ہونے والے حملوں کو روکنے کا اپنا حق استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے اب محفوظ نہیں ہیں اور ہندوستان انہیں نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کرے گا۔
دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر سنگھ نے رکن ممالک سے اجتماعی سلامتی کو درپیش اس خطرے کو ختم کرنے کے لیے اکٹھے ہونے کی اپیل کی۔ وزرائے دفاع، ایس سی او کے سیکرٹری جنرل، ایس سی او کے علاقائی انسداد دہشت گردی کے ڈھانچے (آراے ٹی ایس) کے ڈائریکٹر اور دیگر معزز مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ خطے کو درپیش سب سے بڑے چیلنج امن، سلامتی اور اعتماد کی کمی سے متعلق ہیں، بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی، انتہا پسندی اور دہشت گردی ان مسائل کی بنیادی وجوہات ہیں۔
India Refuses to Sign Joint Communiqué at SCO Summit
More SCO member states have backed India’s stance. The resolution has not been adopted at the summit, as India firmly insisted on including the term “cross-border terrorism.”
The world knows that Pakistan is the epicenter of… pic.twitter.com/8NmhmNYHzZ
— TIMES NOW (@TimesNow) June 26, 2025