نئی دہلی: نیشنل کانفرنس کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ فاروق عبداللہ کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کل پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ اب فاروق عبداللہ بھی مرکزی تفتیشی ایجنسی کی طرف سے طلب کیے گئے اپوزیشن لیڈروں میں شامل ہو گئے ہیں۔
جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کو فاروق عبداللہ کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 2022 میں اس معاملے میں سری نگر لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ 86 سالہ رہنما فاروق عبداللہ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔
یہ معاملہ جے کے سی اے کے بینک کھاتوں سے غیر واضح نقد رقم نکالنے کا ہے۔ یہ رقم مبینہ طور پر جے کے سی اے کے عہدیداروں سمیت غیر منسلک جماعتوں کے مختلف ذاتی بینک کھاتوں میں منتقلی کے ذریعے چوری کی گئی۔ ای ڈی نے کہا تھا کہ یہ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے فنڈز کی واپسی سے متعلق معاملہ ہے۔
مزید پڑھیں: عمرخالد کی درخواست ضمانت پر 24جنوری کو سماعت
ای ڈی کا معاملہ سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کی طرف سے 2018 میں انہی الزامات پر داخل کی گئی چارج شیٹ پر مبنی ہے۔ سمن میں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عبداللہ کو سری نگر میں ای ڈی کے دفتر میں حاضر ہونے کو کہا گیا ہے۔