:حیدرآباد (یواین آئی): آندھراپردیش اسٹیٹ فائنانس کارپوریشن (اے پی ایس ایف سی) نے آرمور کے سابق رکن اسمبلی و بی آرایس لیڈر اے جیون ریڈی کے ارکان خاندان کو نوٹس جاری کی ہے جو جیون ریڈی مال کے مالک ہیں۔سابق رکن اسمبلی کے ارکان خاندان نے مال کی تعمیر کیلئے سال 2017میں اس مالی ادارہ سے 20کروڑروپئے کا قرض حاصل کیا تھا تاہم وہ قرض کی رقم کی واپسی میں ناکام رہے ۔
سابق رکن اسمبلی کا خاندان 40کروڑروپئے واجب الادا ہے جس میں اصل رقم کے علاوہ سود بھی شامل ہے ۔کارپوریشن کے عہدیداروں نے جیون ریڈی کی بیوی رجیتا کو نوٹس جاری کی۔یہ نوٹس آرمور میں ان کے مکان کے دروازے پر لگادی گئی۔جیون ریڈی کو حال ہی میں منعقدہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے راکیش ریڈی سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔
واضح رہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے بھی آرمور میں ان کو لیز پر دی گئی 7000مربع گزاراضی کا کرایہ 7کروڑروپئے ادانہ کرنے پر سابق رکن اسمبلی کو نوٹس جاری کی ہے۔
مزید پڑھیں: امت شاہ تاریخ نہیں جانتے :راہل
انہوں نے اس اراضی پر جیون ریڈی مال کی تعمیر کی اور کئی تجارتی اداروں کو اسے کرایہ پر دیا۔سابق رکن اسمبلی کو ایک اور دھکہ اُس وقت لگاجب نارتھ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹید نے مال کی بجلی منقطع کر دی۔ این پی ڈی سی ایل آرمور کے ڈیویثرنل انجینئر سی ایچ ہریش چندرانائک کے مطابق مال کا انتظامیہ 2.5کروڑروپئے کی رقم اداکرنے میں ناکام رہا۔