خدا کے فضل سے پہنچا دیارِ سبز گنبد میں نبیؐ کا دیکھنے روضہ دیارِ سبز گنبد میں

0

ڈاکٹر مخمورؔ کاکوروی

خدا کے فضل سے پہنچا دیارِ سبز گنبد میں
نبیؐ کا دیکھنے روضہ دیارِ سبز گنبد میں
نبیؐ کے پاس ابوبکرؓ و عمرؓ آرام فرما ہیں
بلند اُن کو ملا رُتبہ دیارِ سبز گنبد میں
ریاض الجنتہ میں جا کر یہ ہم سوچا کئے پہروں
کہ جنت میں ہیں داخل یا دیارِ سبز گنبد میں
قبیٰ میں پڑھ کے دو نفلیں چلے اور قبلتین آئے
یہاں سجدہ وہاں سجدہ دیارِ سبز گنبد میں
تلاوت اور نمازیں مسجد نبوی میں ہوتی تھیں
مسلسل آٹھ دن ٹھہرا دیارِ سبز گنبد میں
نمازِ فجر جب ہم مسجد نبوی میں پڑھتے تھے
نظارہ خلد کا لگتا دیارِ سبز گنبد میں
ہجومِ زائرین ایسا کہ یہ محسوس ہوتا تھا
سمٹ آئی ہے اِک دنیا دیارِ سبز گنبد میں
نظر آیا نہ کچھ بھی فرقِ محمود و ایاز اُس جا
نہ تھا کوئی بڑا چھوٹا دیارِ سبز گنبد میں
خدائے لم یزل سے یہ دعا مخمورؔ کرتا ہے
بلا لے اِس کو دوبارہ دیارِ سبز گنبد میں

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS